نیویارک: امریکا نے 80 کی دہائی میں خیبرپختونخوا کے ضلع سوات سے چرایا گیا بدھ مت کا تاریخی مجسمہ پاکستان کو واپس کر دیا ہے۔
نیویارک میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران امریکا کے سرکاری وکیلوں نے خیبرپختونخوا کے شہر سوات سے 1980 کی دہائی میں چرایا گیا قدیم تاریخی مجسمہ پاکستانی سفارتخانے کے حوالے کیا۔ مجمسے میں گوتم بدھ کے پیروں کے نشان اور چند مذہبی علامات کندہ ہیں جنہیں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے، مجسمے کو سوات سے جاپان کے شہر ٹوکیو اسمگل کیا گیا جس کے بعد ایک جاپانی تاجرنے اسے نیویارک منتقل کیا۔
جاپانی تاجرنے اس قدیم تاریخی مجسمے کو 10 لاکھ ڈالر میں فروخت کرنے کی کوشش کی تاہم نیویارک کے حکام نے نیلامی روکتے ہوئے تحقیقات کے بعد اسے اپنی تحویل میں لے لیا اور تفتیش کے دوران جاپانی تاجر نے اسے اسمگل کرنے کا بھی اعتراف کیا جس کے جرم میں اسے 5 ہزار ڈالر جرمانہ اور جیل بھی جانا پڑا۔
دوسری جانب نیویارک میں پاکستانی سفارتخانے کے نائب سربراہ رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان ثقافتی تاریخ کا اہم جزو ہے جہاں مختلف عجائب گھروں میں قیمتی نوادرات موجود ہیں جب کہ گوتم بدھ کے پیروں کے اس مجسمے کو فی الحال نمائش کے لئے نیویارک میں ہی رکھا جائے گا۔
امریکا نے سوات سے چرایا گیا قدیم مجسمہ پاکستان کو واپس کردیا
وقتِ اشاعت : April 28 – 2016