اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم جب تک پاناما لیکس کے معاملے پر قوم سے سچ نہیں بولیں گے تو مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے۔
لاہور پہنچنے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے حوالے سے حکمران قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بولے جا رہے ہیں، پاناما لیکس میں نام آنے پر آئی سی آئی جے نے وزیراعظم سے کوئی معافی نہیں مانگی بلکہ شریف خاندان کی کرپشن چھپانے کے لئے قوم کا پیسہ اشتہارات پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے شوکت خانم کے حوالے سے بھی جھوٹ بولا، شوکت خانم کے سارے فنڈز واپس آ گئے تھے۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے نام آئے ہیں اس لئے انھیں بتانا پڑے گا کہ قوم کا پیسہ بیرون ملک کیسے گیا، مے فیئرز کے 4 فلیٹس کہاں سے آئے اور حسن نواز نے ساڑھے 6 سو کروڑ روپے کا فلیٹ بیچا تو یہ رقم ان کے پاس کہاں سے آئی، اگر وزیراعظم چاہیں تو ان سوالوں کے جواب 5 منٹ میں دے سکتے ہیں لیکن یہ معاملے کو طول دے رہے ہیں اور کبھی مانسہرہ جا رہے ہیں اور کبھی ایبٹ آباد، پاناما لیکس میں نام آنے کے بعد وزیراعظم حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔
قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے شریف خاندان نے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ایشیا میں پاکستان کا ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس سب سے نیچے ہے لیکن حکومت عوامی پیسے کو شریف فیملی کے آف شور اکاؤنٹس سے توجہ ہٹانے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔
چیرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ نیب کو حکومت کی جانب سے ٹیکس کے پیسے کو شریف فیملی کی کرپشن کے دفاع پر استعمال کرنے کا ایکشن لینا چاہیئے۔
شریف فیملی کو چاہیئے کہ اپنے آف شور اکاؤنٹس کے دفاع کے لئے عوامی پیسے کے بجائے بیرون ملک بھیجے گئے اربوں روپے میں سے رقم استعمال کرے۔
شریف خاندان کو پتہ ہونا چاہیئے کہ یہ پاکستان ہے اور یہاں جمہوریت ہے بادشاہت نہیں جہاں شریف خاندان بغیر کسی احتساب کے عوام پر حکمرانی کرسکے۔