کوئٹہ: اقوام متحدہ کے ادارہ یو این ایچ سی آر کی جانب سے بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کوئٹہ کوآکسیجن پلانٹ فراہم کردیا گیا ۔
جمعہ کو صوبائی وزیر صحت بخت محمد خان کاکڑ نے بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کوئٹہ میں یو این ایچ سی آر کی طرف سے عطیہ کئے گئے آکسیجن پلانٹ کا افتتاح کردیا ۔
اس موقع پر یو این ایچ سی آر کوئٹہ کے سب آفس کے سربراہ تصفیائے بکیلی، قائم مقام سیکرٹری صحت عارف خان اچکزئی، بیونک کے چیف ایگز یکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر لیاقت آغا سمیت دیگر نے شرکت کی ۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کو صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کو پورا کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں شکایت درج کرنے کا نظام بنایا جارہا ہے ۔