|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

کوئٹہ:  گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت کے بغیر کسی ملک اور صوبے کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،

بزنس کمیونٹی کسی بھی ملک اور صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،پاکستان اور بلوچستان کا مفاد کاروبار کو پروموٹ کرنے میں ہیں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا صوبے کی بزنس کمیونٹی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خلجی، بلا مقابلہ نومنتخب صدر حاجی ایوب مریانی،سنیئر نائب صدر حاجی اختر محمد کاکڑ ،نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ ،سابق صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سابق سنیئر نائب صدر حاجی آغاگل خلجی اور سابق نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے گورنر بلوچستان کو ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان آنے پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے پٹرن ان چیف غلام فاروق خلجی نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے تمام18ہزار ممبران ٹیکس فیئر ہیں چیمبر کے عہدیداران و ممبران نے روز اول سے ہی ملک اور صوبے اور کاروباری طبقے کی مفادات کو مدنظر رکھ کر جدوجہد کی ہے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سال 2024-26کی کابینہ کا بلا مقابلہ انتخاب صوبے کی تاجر برادری کے اتحاد و اتفاق کا مظہر ہے بزنس کمیونٹی کی چمن اور تفتان و دیگر بارڈرز پر کاروبار بری طرح متاثر ہیں انہوں نے شکوہ کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں بزنس نظر نہیں آرہا ہمیں امید ہے کہ اس بابت صوبائی حکمران ضرور توجہ دیں گے۔

اس موقع پر سابق صدر حاجی عبداللہ اچکزئی نے دو سالہ رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ انہوں نے اپنی مدت کے دوران چمن بارڈر سے ایل پی جی کی درآمد شروع کرنے،بازارچہ تفتان بزنس گیٹ وے کی فعالی،بوستان اکنامک زون میں صنعتوں کیلئے بجلی و دیگر سہولیات کی فراہمی،ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے پر جلد کام مکمل کرنے سمیت دیگر میں کامیابی حاصل کی انہوں نے لینڈ روٹ پر 30فیصد ٹیکسز کے چھوٹ کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سے صوبے کی بزنس کمیونٹی ملک کے دیگر اکائیوں کے کاروباری طبقے کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو گی۔

اجلاس کے شرکا ء￿ سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر حاجی ایوب مریانی نے کہا کہ ہم بوستان اسپیشل اکنامک زون،خضدار اسپیشل اکنامک زون،انڈسٹریل اسٹیٹ سرکی روڈ اور انڈسٹریل زون مشرقی بائی پاس کی ترقی اور فعالی کے نامکمل منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا کام کریں گے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *