|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2024

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت مقامی صنعتوں کے فروغ اور افغانستان اور دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایس سی سی آئی)کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ میں کیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور تجارتی حجم کو بڑھانے کے مقصد سے تجارت دوست پالیسیوں کے نفاذ کو یقینی بنا رہی ہے ۔

اجلاس میں جام کمال خان نے تاجر برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے دوران ایس سی سی آئی کے صدر فواد اسحاق نے بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ افغانستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ اور دو طرفہ تجارت سے متعلق مسائل کو حل کرے جو مقامی تاجر برادری پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔

ایس سی سی آئی کے صدر نے کاروباری برادری کی مدد اور صنعتی توسیع کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تجویز پیش کی ۔

وفاقی وزیر نے تاجر برادری کے تحفظ اور مدد کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے معاشی صورتحال کی وجہ سے صنعتوں کو درپیش چیلنجز کو تسلیم کیا اور یقین دلایا کہ وہ بجلی، گیس اور ٹیرف سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔