کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ نوجوان عوام کی معاشی اور معاشرتی آسودگی کی خاطر تمام فلاحی، سیاسی اور معاشرتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں کیونکہ نوجوانوں کی فعال شرکت ہماری اجتماعی تعمیر و ترقی کیلئے بہت ضروری ہے۔
آپ اپنے کو اور معاشرے کی عظیم اکثریت کو جمہوری حقوق اور اقدار سے آگاہ کریں تاکہ جامع شرکت اور شفاف فیصلہ سازی کو یقینی بنانے کیلئے راہ ہموار ہو سکیں.
ان خیالات کا اظہار گورنر بلوچستان پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری سجاد رہیسانی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہر معاشرے میں نوجوانوں کی آواز بڑی اہمیت رکھتی ہے
اور ان کے کردار و عمل اپنے اثرات چھوڑ جاتے ہیں لہذا آپ عوامی مسائل و مشکلات کے پائیدار حل کیلئے مربوط روابط و تعلقات بڑھا کر اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ ایک ساتھ ملکر ہم عظمت حاصل کر سکتے ہیں اور ایک ایسے صحتمند سماج کی تشکیل کر سکتے ہیں جو سب کیلئے منصفانہ، مساوی اور خوشحال ہو۔