|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2024

کوئٹہ:  پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی میر لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ حکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے،

حلقہ پی بی 43میں پانی کی فراہمی، گیس پریشر، بجلی کے مسائل کے حل کئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، عوام اپنے مسائل منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کو بروقت بتائیں۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ میں اپنے حلقہ انتخاب پی بی 43میں جوائنٹ روڈ پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد، ایف سی کے کرنل شہزاد، میجر عبداللہ، سوئی گیس کمپنی کے چیف انجیئنرمحمد الطاف، واسا کے چیف انجینئر رمضان،کیسکو، میٹر و پولیٹن کارپوریشن سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

میر لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے، کوئٹہ شہر بلوچستان کا چہرہ ہے لیکن اس میں مسائل کے انبار ہیں جن کے حل کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 43میں کھلی کچہری کے انعقاد اور اس میں انتظامیہ کے تما م افسران کی موجودگی کو اس لئے یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عوام براہ راست اپنے مسائل انتظامیہ کو بتائیں اور موقع پر ان مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام پینے کے پانی، گیس پریشر،بجلی کی لوڈشیڈنگ اور صفائی کی صورتحال سے غیر مطمئن ہیں اور اس سلسلے میں انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 43میں سردیوں سے قبل گیس پریشر کا مسئلہ حل کیا جائے گا اور دیگر مسائل پر بھی خصوصی توجہ دی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام جلد ہی مثبت تبدیلی اور بہتری کے اثرات مرتب کریں گے۔