|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2024

کوئٹہ +اسلام آ باد: گوادر پورٹ پر ایک اہم پیش رفت،675 ہائی ٹیک سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ پری میٹرک سیکیورٹی سسٹم(پی ایس ایس) گوادر پورٹ کے علاقے میں مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے۔

گوادر پرو کے مطابق اس اہم اقدام سے 252.350 ملین روپے کی لاگت سے پری میٹرک سیکیورٹی سسٹم نے گوادر پورٹ، متعلقہ انفراسٹرکچر، گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے)،

گوادر فری زون ساتھ اور گوادر فری زون نارتھ کی عمارتوں کے لیے سیکیورٹی کوریج میں اضافے کا احساس پیدا کیا ہے۔

پی ایس ایس ایک بلٹ ان ملٹی پرپز سسٹم ہے جو خطرات کا پتہ لگاتا ہے، نگرانی کرتا ہے، اور حملے کے پیٹرن کا تجزیہ کرتا ہے جس کا مقصد گوادر پورٹ اور اس سے ملحقہ فری زون میں محفوظ ماحول کو یقینی بنانا ہے۔گوادر پرو کے مطابق چیئرمین جی پی اے پاسند خان نے کہا کہ جدید سیکیورٹی سسٹم کی تنصیب کے بعد اشیا و خدمات کے داخلی و خارجی راستوں میں سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اس نیک اقدام کو سراہتے ہوئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو گوادر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے گوادر پورٹ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پورٹ آپریٹر کی کاوشوں کو سراہا۔

گوادر پرو کے مطابق گوادر کے مقامی ٹریول ایجنٹ جہانگیر صابر کا کہنا تھا کہ گوادر کی معاشی پیداوار کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کا نظام وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا پی ایس ایس آنے والی ترقی، سیاحت کی صنعت، ہوٹل صنعت، تفریحی مقامات اور بڑے شاپنگ پلازوں کے لئے ایک انشورنس پالیسی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق دریں اثنا، حکومت بلوچستان بھی گوادر سیف سٹی منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو)کے قیام اور گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان 2025 کی تعمیل میں تکنیکی اور مالی فزیبلٹی رپورٹس جمع کرانے کے ساتھ نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق3,325.6 ملین روپے کی تخمینہ لاگت سے گوادر سیف سٹی منصوبے پر وزارت داخلہ اور قبائلی امور حکومت ،وزارت سائنس و ٹیکنالوجی بلوچستان کے تعاون سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔