کوئٹہ: پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سمیت دیگر متعدی امراض سے بچاؤ کے لیے یکم اکتوبر سے بگ کیچ اپ ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں کوئٹہ کے دو لاکھ بچے جوکہ ویکسینیشن سے رہ جاتے ہیں
انہیں اس مہم میں پولیو سمیت خسرہ اور دیگر متعدی امراض سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے اس حوالے سے اب تک 54ہزار بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں جبکہ بقیہ رہ جانے والے بچوں کو خصوصی مہم میں کور کیا جائے گا۔
اس حوالے سے کوئٹہ میں 86فکسڈ اور موبائل ٹیمیں موجود ہیں جہاں والدین اپنے بچوں کو متعدی امراض سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکے مفت لگوا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان امین مندوخیل نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ(ر) سعد بن اسد کے ہمراہ بچوں کو بارہ متعدی امراض سے بچاؤ کے سلسلے میں بگ کیچ اپ ویکسینیشن مہم کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے مزید کہاکہ بگ کیچ اپ ویکینیشن مہم بچوں کی صحت کو محفوظ بنانے کے لیے ہماری جاری کوششوں کا حصہ ہے
جو بلوچستان بھر میں بچوں کی صحت اور حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے یکم اکتوبر سے جاری ہے تاکہ بچوں کو بارہ خطر ناک اور جان لیوا بیماریوں جیسے خسرہ، پولیو اور دیگر قابل تدارک بیماریوں سے بچایا جا سکے
انہوں نے کہاکہ متعدی امراض کی روک تھام کے حوالے سے خاص طور پر کوڈ – 19 وباء کے دوران جو رکاوٹیں آئیں ان کے بعد ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہر بچے،خاص طور پر ان بچوں کو جو اپنی معمول کی ویکسینیشن سے رہ گئے ہیں،
ان کو تحفظ فراہم کیاجائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان امین مندوخیل نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت بلوچستان اس مہم کے لیے پوری طرح پر عزم ہے۔ ہم شراکتی اداروں کے ساتھ مل کر اس مہم کو آگے بڑھارہے ہیں تاکہ صوبے کے ہر علاقے تک پہنچا جاسکے، چاہے وہ کتنے ہی دور دراز کیوں نہ ہوں۔ ہماری خاص توجہ زیروڈوز بچوں پر ہے
یعنی وہ بچے جنہیں ابھی تک کوئی ویکسین نہیں ملی۔ اس مہم کے ذریعے ہم ان بچوں سمیت تمام دیگر بچوں کو جواپنی ویکسینیشن شیڈول سے پیچھے ہیں، مکمل حفاظتی ٹیکے لگائیں گے۔انہوں نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے اپیل کی کہ آپ کے بچے کی صحت آپ کے ہاتھ میں ہے اور اگر آپ ان کو ویکسین لگواتے ہیں تو آپ انہیں ان خطر ناک بیماریوں سے محفوظ کر رہے ہیں جنہیں آسانی سے روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حفاظتی ٹیکے جات محفوظ ، مؤثر اور جان بچاتی ہیں۔
بعض اوقات ویکسین کے بارے میں خدشات یا ہچکچاہٹ ہو سکتی ہے ، لیکن میں یقینی دلاتے ہیں کہ سائنس پر اعتماد کریں اور ان ہیلتھ ورکرزپر بھروسہ کریں جو آپ کی مدد کے لیے موجود ہیں۔ اپنے بچوں کو ویکسین لگوا کر آپ انہیں ایک صحت مند مستقبل کا تحفہ دے رہیہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی سہولت کے لیے ہم نے اس بات کو یقینی بنایا ہیکہ ویکسینیشن کی سہولتیں آسانی سے دستیاب ہوں۔
بنیادی صحت کے مراکز طویل وقت تک کھلیرہیں گے اور موبائل ویکسینیشن ٹیمیں آپ کی کمیونٹیوں میں آئیں گی، چاہے وہ کتنی ہی دور دراز کیوں نہ ہوں۔ آپ کو کہیں دور جانے کی ضرورت نہیں .
ہماری ٹیمیں یہیں موجود ہوں گی تاکہ ہر بچے کو ویکسین لگائی جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ میڈیا اس اہم مقصد میں ہماراساتھ دے رہے ہیں۔
آپ کا کردار اس مہم کو کامیاب بنانے میں انتہائی اہم ہے۔ ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے تاکہ والدین کو ویکسین کی اہمیت اور اس کے مقامات کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے جہاں وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لیے لے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم سب مل کر،والدین کے تعاون اور آپ کی حمایت سے یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ بلوچستان میں کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ آئیں مل کر یہ یقینی بنائیں کہ ہر بچہ محفوظ ، صحت مند اور مستقبل کے لیے محفوظ ہو۔