کوئٹہ: چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کارڈ بلوچستان ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کے تمام تر انتظامی و مالی امور کی شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے
کوئی بھی خلاف ضابطہ اقدام قابل قبول نہیں ہوگا،ہیلتھ کارڈ کے پینل پر موجود ہسپتالوں میں مریضوں اور عوام کی سہولت کیلئے کاؤنٹرز قائم کئے جارہے ہیں کسی بھی شکایت کی صورت میں عوام ہیلپ لائن پر شکایات درج کرائیں جس کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرویورولوجی ہسپتال کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی میں قائم بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے کاونٹر پر داخل مریضوں کی فہرست کا معائنہ بھی کیا۔
ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفررولوجی ہسپتال کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر سید لیاقت آغا اور ڈاکٹر فیصل سے تفصیلی ملاقات کی ملاقات میں کڈنی ہسپتال میں صحت کارڈ کے نظام اور گردے کی پیوند کاری سے متعلق اہم مسائل پر تفصیل سے غور کیا گیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا کہ صحت کارڈ کے تمام تر انتظامی و مالی امور کی شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے کوئی بھی خلاف ضابطہ اقدام قابل قبول نہیں ہوگا۔انہوں نے مثالی طبی خدمات پر بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کی انتظامیہ ،
ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی پاکستان کا مثالی طبی ادارہ ہے ،
بیونک کی ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کے ساتھ ایک اعلیٰ معیار قائم کر رہی ہے، اور یہ ضروری ہے کہ دیگر ہسپتال بھی اسی طرح کے اقدامات اپنائیں تاکہ صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے ان کا فعال طریقہ کار واقعی صحت کے شعبے میں ایک مثال ہے جس کی تقلید کی جانی چاہئے۔بی ایچ سی پی کے سی ای او نے صحت کارڈ ٹیم کی لگن اور محنت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے پینل پرموجود ہسپتالوں میں مریضوں اورعوام کی سہولت کیلئے کاؤنٹرز قائم کئے جارہے ہیں تاکہ مریضوں اور انکے تیماداروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ہیلتھ کارڈ سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں عوام ہیلپ لائن پر اپنی شکایت درج کرائیں جس کا جلداز جلد ازالہ کیا جائے گا۔