کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے علمدار روڈ میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام حریت پسند رہنما شہید اسماعیل ہانیہ اور شہید سید حسن نصراللہ کی یاد میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی اس موقع پر ضلعی انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ، کیپٹن محمد علی آزاد اور مبارک ہزارہ بھی موجود تھے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی مری نے دنیا بھر میں جاری قومی تحریکوں کی جدوجہد اور پسے ہوئے طبقے کے حقوق کی دفاع، قوم و وطن کی سلامتی اور بقا کے لئے لڑنے والے رہنمائوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج فلسطین سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں سامراجی اور استحصالی قوتیں اپنی توسیع پسندانہ پالیسیوں اور مفادات کے حصول کے لئے مظلوم اقوام کے تشخص اور وجود کو پامال کر رہے ہیں اور ان کی نسل کشی کر رہے ہیں ایسے میں وہ لیڈر اور رہنما جو استحصالی قوتوں کے سامنے ڈٹ جاتے ہیں اور جام شہادت نوش کرتے ہیں ہم انہیں خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کرتے ہیں
ان کا کردار ہمارے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی قربانیاں ہر باشعور انسان کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ کبھی بھی استعماری قوتوں کے سامنے شکست تسلیم نہیں کرنا چاہیے بلکہ اپنی آواز بلند کرتے ہوئے حق اور سچائی کا ساتھ دینا چاہیے اور اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کا کوئی بھی خطہ استحصالی قوتوں کے ظلم و جبر سے محفوظ نہیں
خصوصا بلو چستان میں جاری ظلم و جبر اور ماورائے قانون و عدالت گرفتاریاں اور گمشدگیاں، عالمی عدالت و انصاف کے کردار پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ اس خطے میں بلوچ پشتون اور ہزارہ سمیت دیگر اقوام بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم ہیں ایسے نازک حالات میں بی این پی ہمیشہ حق و صداقت کے ساتھ کھڑی ہے اور مظلوم و محکوم اقوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کرے گی۔