فیس بک کی مقبولیت سے انکار ممکن نہیں اور آج ایسے بہت کم افراد ہوں گے جو اس سماجی رابطے کی ویب سائٹ یا اس کی ذیلی ایپس کا استعمال نہ کرتے ہو۔
یعنی اگر فیس بک نہ سہی تو انسٹاگرام، واٹس ایپ یا میسنجر وغیرہ میں سے تو کوئی ایک تو انٹرنیٹ استعمال کرنے والا ضرور استعمال کرتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ سی ای او کی حیثیت سے کام کرنے کے لیے کتنی تنخواہ لیتے ہیں؟
دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور 47.5 ارب ڈالرز کے مالک مارک زکربرگ کی تنخواہ جان کر ہوسکتا ہے آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہوجائے۔
و سنیں مارک زکربرگ فیس بک کے لیے اپنی خدمات کے عوض صرف ایک ڈالر تنخواہ لیتے ہیں۔
اب ایسا تو نہیں کہ وہ غریب ہیں کیونکہ وہ فیس بک اسٹاک کے 422 ملین شیئرز کے مالک ہیں اور ان سے ہٹ کر دیگر اثاثوں کی مالیت تو اوپر بیان کی جاچکی ہے۔
مگر ایک ڈالر تنخواہ کے ساتھ ساتھ وہ فیس بک سے کسی قسم کا بونس یا دیگر مراعات بھی حاصل نہیں کرتے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ دیگر اسٹاک ہولڈرز کے مساویٰ حیثیت برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ فیس بک کی سی او او شیرل سینڈ برگ سات لاکھ ڈالرز، سی ایف او ڈیوڈ وانیر ساڑھے چھ لاکھ ڈالرز اور چیف پراڈکٹ آفیسر کرس کوس 6 لاکھ 25 ہزار ڈالرز تنخواہ لیتے ہیں جبکہ ان تمام اعلیٰ عہدیداروں کو بونسز اور اسٹاک بھی ملتے ہیں۔
اس سے بھی دلچسپ امر یہ ہے کہ فیس بک سی ای او کی تنخواہ تو ایک ڈالر ہے اور کوئی بونسز یا مراعات وغیرہ بھی نہیں ملتی مگر ان کی سیکیورٹی پر ہر سال ضرور یہ کمپنی 50 لاکھ ڈالرز خرچ کردیتی ہے۔
فیس بک کے مطابق مارک زکربرگ کو ‘ مخصوص خطرات’ کا سامنا ہے اور اسی لیے ان کی ہائشگاہ پر سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ایک نجی طیارہ بھی دیا گیا ہے جو اسی سیکیورٹی پروگرام کا حصہ ہے۔