کوئٹہ :چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت محکمہ صحت اور ایجوکیشن (سکولز)کے ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی اسکیموں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ شہاب علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبد الباسط،سیکرٹری تعلیم صالح محمد ناصر، سیکرٹری صحت صالح محمد بلوچ و دیگر نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مالی سال 2024-2025 میں انتہائی اہم منصوبے شامل کئے ہیں
جس میں نئے ہسپتالوں کے لیے مشینری اور سکولوں میں مسنگ سہولیات کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعلی بلوچستان کے مشن اور ویژن کے مطابق محکمہ صحت کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ صوبائی حکومت تمام ہسپتالوں میں جدید مشینری اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے
تاکہ بلوچستان کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوں جس میں صوبے میں تمام سرکاری ہسپتالوں اور طبی مراکز کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سہولیات کی فراہمی کو پہلی ترجیح دی جائے جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے لئے ہدف مقرر کر کے ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ، صحت اور تعلیم ہماری حکومت کے ترجیحی شعبے ہیں اور ان دونوں شعبوں کو فنڈز کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کی تمام اسکولوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور واش رومز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلد از جلد ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
Leave a Reply