|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2024

تربت:  نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل سنیٹر جان محمد بلیدی نے ایوان صدر اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت اور اقوام متحدہ کی ناکامی کے باعث دنیا تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، اگر اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ چھڑ گئی

تو یہ معمولی جنگ نہیں ہوگی اس کا سب سے زیادہ اثر ہمارے خطے پر پڑے گا اس لیے پاکستان بطور ریاست اس جنگ کو روکنے میں جو کردار ادا کرسکتی ہے فورا اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکہ کے تعاون اور مدد سے سب کچھ کررہا ہے ان جارحیت کے ہیچھے امریکہ کی طاقت ہے

عین اقوام متحدہ کی اجلاس کے دوران فلسطین اور لبنان پر اسرائیلی ریاست کی بمباری اور ہزاروں لوگوں کی بے گناہ شہادت اقوام متحدہ کی ناکامی اور اس کی افادیت کو غیر موثر ثابت کرتی ہے،

اسرائیل اور فلسطین دو ریاستیں ہیں انہیں یہ تسلیم کرنا ہی پڑے گا اس خطے میں امن قائم کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ دنیا کی زمہ در ریاستیں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں ورنہ اسرائیلی جارحیت سے روز بروز دنیا پر عالمی جنگ کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت فلسطین اس کے بعد اب لبنان اور ایران پر پڑ رہی ہیں اسے روکنا بہت ضروری ہے

اگر عام جنگ چھڑ گئی تو اس کا سب سے زیادہ نقصان بطور ہمسایہ ہم کو ہی اٹھانا پڑے گا پاکستان کو چاہیے کہ فوری اقدام کے طور پر ثالثی کا کردار ادا کرے اور اس جنگ کو پھیلنے سے روک دے اس کے علاوہ دنیا کے دیگر زمہ دار اقوام بھی آگے بڑھ کر اسرائیلی سرکشی روکنے میں کردار ادا کریں کیوں کہ اگر عام جنگ شروع ہوگئی تو اس کی لپیٹ میں پوری دنیا آسکتی ہے۔