|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2024

کوئٹہ : میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں بڑے پیمانے پر بدانتظامی سامنے آگئی بلوچستان کے محکمہ اینٹی کرپشن نے میٹروپولیٹن کارپوریشن میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزیر اعلی بلوچستان کو ارسال کردی۔

ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بلوچستان عبدالواحد کاکڑ کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے میٹروپولیٹن کارپوریشن میں فیول کی سالانہ 70کروڑ روپے کی خریداری سمیت مختلف بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا حکم دیا تھا محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں بڑے پیمانے پر بدانتظامی سامنے آئی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں صفائی کی مدد میں پندرہ سو ڈیلی ویجز ملازمین بھرتی کئے گئے تھے جن میں بیشتر خدمات انجام نہیں دیتے تھے۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن نے اپنے ملازمین کے بچوں کیلئے ایک اسکول قائم کیا ،لیکن اس اسکول میں کیو ایم سی کے ملازمین کے بچے زیر تعلیم ہی نہیں تھے جبکہ عمارت کا کرایہ کیو ایم سی ادا کررہاہے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی گاڑیاں پرانی ہونے کی وجہ سے سالانہ ستر کروڑ کا فیول استعمال کررہی ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے رپورٹ وزیر اعلیٰ کو ارسال کردی ہے ۔