اسلام آباد،کوئٹہ: بلوچستان میں سیلاب سے تباہ ہونے والے علاقوں کی بحالی کے لیے موصول 22 کروڑ ڈالر میں صرف 2کروڑ 20لاکھ ڈالرخرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے
ذرائع وفاقی وزارت خزانہ نے کہاہے کہ عالمی بینک نے سیلاب بحالی پروجیکٹ کے تحت 40 کروڑ ڈالر قرض منظورکیا تھا جس میں سے 21کروڑ 30لاکھ ڈالر کی پہلی قسط استعمال ہونیکے بعد دوسرے قسط جاری کی جائے گی۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے فنڈز موجود ہیں لیکن حکومت بلوچستان پروجیکٹ پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ چین نے بلوچستان میں گھروں کی تعمیر کے لیے 20کروڑ ڈالر گرانٹ منظور کی جس سے تقریبا 35 ہزار گھر بنائے جانے ہیں،
چین نے پائلٹ پروجیکٹ کے طور 60 لاکھ ڈالر فراہم کیے جس میں 8 ہزار سے زائد گھر کی تعمیر ہونی تھی مگر چین کی فراہم گرانٹ کی قسط بلوچستان میں پائلٹ پروجیکٹ کے لیے مکمل استعمال نہ ہوسکی عالمی بینک نے بلوچستان کے لیے 10 کروڑ ڈالر پانی سے متعلق پروجیکٹ کے لیے بھی منظور کیے۔
وفاق نے حکومت بلوچستان کو پروجیکٹس پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے بہتر سسٹم بنانے کی تجویز دی ہے۔ بلوچستان پروجیکٹس پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے بہتر سسٹم قائم نہیں کرتا تب تک فنڈز جاری نہیں ہوسکتے، بلوچستان کو ملنے والے عالمی بینک کے قرضوں پر وفاق کی گارنٹی ہے جو وہ بلوچستان کو گرانٹ کے طور پر فراہم کرے گا۔