پشین : صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اربن پلاننگ و چیئرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی خان اسفند یار خان کاکڑ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کی خوبصورتی اور بڑھتی ہوئی آبادی سمیت عوامی ضروریات کو خاطر میں لاتے ہوئے تین نئے عالی شان رہائشی منصوبوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
ان منصوبوں میں عوام کو زندگی کی تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں،جس کے تحت مستقبل قریب میں کوئٹہ شہر کی خوبصورتی کو یقینی بنانے اور شہر پر آبادی کا بڑھتا ہوا دباو کم کیا جا سکے گا،چیئرمین کیو،ڈی،اے نے کہا ہے کہ ہماری پالیسی ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو پہلی ترجیح پر مکمل کیا جائے
تاکہ یہ مفاد عامہ کے لیے جاری یہ منصوبہ جات جلد مکمل ہوں اور عوام بلا تاخیر و تعطل مستفید ہوں سکیں کیونکہ ان تمام ترقیاتی منصوبوں پر عوام کا پیسہ لگتا ہے اس لئے ان کا دانشمندانہ استعمال بھی ضروری ہے،
تاہم اس ضمن میں ہم پیچھے چھوڑ آگے دوڑ والا کام نہیں کریں گے اور نہ ہی ترقیاتی منصوبوں کے نام پر عوام کو مایوس کیا جائے گا بلکہ کوئٹہ شہر کے تمام نوعیت کے مسائل و مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ضرورت کی بنیاد پر ترقیاتی کام کریں گے
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے بھی شامل کئے گئے جو سالہا سال سے چل رہے ہیں،لاگت بڑھتی جارہی ہے
لیکن منصوبے مکمل نہیں ہورہے،البتہ ماضی کے بالکل برعکس ہم نے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبہ جات کو حقیقت بنانا ہوگا،جبکہ ماضی میں ترقیاتی پروگرام کے نام پر صرف موٹی موٹی کتابیں چھاپی گئی ہیں،
انہوں نے مزید کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے تمام ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کے حوالے سے اپنی ترجیحات کا تعین کر لیا ہے جو مفاد عامہ کی خاطر بہت جلد مکمل کئے جائیں گے۔