|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے عوام کی وابستہ امیدیں اور توقعات پر پورا اتریں.

بطور منتخب عوامی نمائندے انہیں اپنے انتخابی حلقوں میں اولسی فلاح و بہبود اور ترقی کو ترجیح دینی چاہیے۔

انہوں کہا کہ صوبائی وزراء دراصل اپنے متعلقہ محکموں میں پالیسیوں اور پروگراموں کو نافذ کرنے کیلئے مفاد خلق کو مدنظر رکھتے ہوئے جوابدہ ہوتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ وہ اچھی طرزحکمرانی اور بیلوث عوامی خدمات کو یقینی بنائیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی وزراء ، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.اجلاس کے دوران صوبائی حکومت کی کارکردگی اور پارلیمنٹرین کو درپیش مشکلات بھی زیر بحث آئیں.

اس موقع پر صوبائی وزراء میر سلیم احمد کھوسہ، سردار عبدالرحمٰن کھتران، میر عاصم کرد گیلو، میر شیعب نوشروانی اور پارلیمانی سیکرٹریز سردار مسعود لونی، محمد خان لہڑی، حاجی برکت علی رند، حاجی ولی محمد نورزی، ہادیہ نواز، نوابزادہ زرین خان مگسی، ایڈوائز ٹو چیف منسٹر ربابہ بلیدی اور رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل بھی موجود تھے.

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ایک ملک گیر سیاسی پارٹی ہے جس سے چاروں صوبوں کے عوام کی بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں.

ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ عوامی فنڈز کے شفافیت اور ذمہ دارانہ انتظام کو یقینی بنانے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں. بلوچستان کی آبادی قلیل مگر بہت منتشر ہے جس کو بنیادی سہولیات پہنچانا ایک مشکل کام ہے.

اس سلسلے میں صحت کی معیاری خدمات تک رسائی کو یقینی بنانا، انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا، اور صحت کے چیلنجوں سے نمٹنا اشد ضروری ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ شہر پورے صوبہ کا چہرہ ہے لہٰذا ضروری ہے کہ کوئٹہ شہر کے باشندوں کو صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور صحت عامہ کے بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہم سب نے ملکر مشترکہ کوششیں کرنی ہوگی.

گورنر مندوخیل نے کہا کہ ان ذمہ داریوں کو نبھا کر پاکستان مسلم لیگ پارٹی کے صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز اور ایم پی اے بلوچستان کی حقیقی ترقی، خوشحالی اور بہبود میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *