|

وقتِ اشاعت :   5 days پہلے

کوئٹہ: صوبائی وزیر صحت بخت محمد خان کاکڑ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کی خصوصی ہدایت پر شیخ زید ہسپتال سریاب کا دورہ کیا۔٫

وہ آلات جراحی اور دیگر لوازمات کے استعمال نہ کرنے پر ہسپتال انتظامیہ پر شدید برہم ہوئے اور ہسپتال کے قیام کے وقت متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے عطیہ کیے جانے والے آلات کا اب تک استعمال میں نہ لانا نہ صرف افسوسناک عمل ہے بلکہ اس صوبے کے عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔

اس میں ملوث کرداروں کو ہر صورت قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔

اس طرح کی غفلت اور کوتاہی نہ قابل برداشت ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے اس ضمن میں فوری طور پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے اور صاف و شفاف تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی زمہ داری اور عوام کا بنیادی حق ہے جس سے عوام کو محروم نہیں کیا جا سکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اپنے وسائل کے مطابق حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو ان کے دہلیز پہ علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر سکے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے ایمرجنسی وارڈ، آئی سی یو اور لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال کے صفائی کا بھی جائزہ لیا بعد ازاں صوبائی وزیر نے تہہ خانے میں رکھیں کروڑوں روپے مالیت کے آلا ت جراحی و دیگر سامان جس میں کپڑے، کمبل، بیڈ اور دیگر اشیاء شامل تھیں کا بھی معائنہ کیا اور جائزہ لیا۔

انھوں نے ہسپتال کو مزید بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت عوام کے دکھ درد سے بخوبی واقف ہے اور عوام کو درپیش مشکلات اور تکالیف کا بھی احساس ہے حکومت کی اولین ترجیح عوام ہے۔

عوام کی معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کے صوبائی حکومت شبانہ روز محنت کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *