|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2024

گوادر:  گورنمنٹ سید ظہور شاہ ہاشمی ڈگری کالج گوادر میں نئے داخل ہونے والے فرسٹ ایئر کے طلباء کے اعزاز میں ایک پروقار ویلکم پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان شریک ہوئے جبکہ صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر نصیر احمد نے کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ آج کا دور علم و ہنر کا ہے، اور اس میں کامیابی کے لیے طلباء کو محنت اور جستجو کا دامن تھامے رکھنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو باصلاحیت اور ہنرمند بننے کے لیے اپنی نیند، کھیل کود اور دیگر غیر ضروری سرگرمیوں کو محدود کر کے اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں انقلاب لانے والے افراد محلات کے وارث نہیں بلکہ اپنے ہاتھوں سے محنت کرنے والے لوگ تھے۔

مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر کے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے اندر خود اعتمادی اور جرات پیدا کریں، کیونکہ باصلاحیت نوجوان ہی علاقے کی ترقی اور بہتری کے ضامن ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر طلباء میں صلاحیت اور محنت کا جذبہ نہیں ہوگا تو حکمران بھی ان کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جو طلباء کالج میں آتے ہیں، انہیں اپنی حاضری کو یقینی بنانا چاہیے اور وقت کو فضول کاموں میں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کالج میں وسائل یا سہولیات کی کمی ہو تو طلباء ان سے رجوع کریں لیکن اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل پروفیسر نصیر احمد نے کالج کی اہمیت اور طلباء کی حاضری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر حاضری کالج کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر طلباء کالج نہیں آئیں گے تو تعلیمی مقاصد فوت ہو جائیں گے۔

پرنسپل نے اعلان کیا کہ جو طلباء اپنی حاضری کو یقینی نہیں بنائیں گے، ان کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

پروفیسر نصیر احمد نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی تعلیم سے محبت پیدا کریں اور کہا کہ ان کے مسائل حل کرانے کے لیے وہ خود کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کالج میں ایسا تعلیمی ماحول بنانا ہوگا جس میں طلباء خود کالج آنے کے لیے بے چین ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنمنٹ سید ظہور شاہ ہاشمی ڈگری کالج نے تعلیمی میدان میں ترقی کا سفر شروع کر دیا ہے اور اب اس سفر کو کوئی نہیں روک سکتا۔

تقریب میں طلباء نے نعت خوانی اور تقاریر بھی پیش کیں جبکہ پروگرام کے آخر میں ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان، گوادر پریس کلب کے صدر شریف ابراہیم اور سابق صدر سلیمان ہاشم کو کالج کی جانب سے سوونیئر پیش کیے گئے۔ ویلکم پارٹی کی نظامت کے فرائض پروفیسر ارشاد عالم نے انجام دیے۔

بعد ازاں، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان نے کالج کی نئی لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *