|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہم وزیراعظم کے بھائی اور سپاہی ہیں اور کسی بھی صورت حکومت کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، عوام کو احتساب کا حق اور اختیار حاصل ہے ، اگرہم نے صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کی ہے تو ہم عوام کے سامنے سرخرو ہونگے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا کارواں رواں دواں رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم صحت پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم محمد نوازشریف تھے، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر مملکت برائے صحت محترمہ سائرہ افضل تارڑ ، صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ، وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، وزیر مملکت جام کمال خان، اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور دیگر حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بھی حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مثبت کام کرتی ہے تو ہماری حکومت کے خلاف سازشیں شروع ہو جاتی ہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف کو ایک مرتبہ اڑھائی سالہ مدت اور ایک مرتبہ تین سالہ مدت کے بعد سازش کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا، تاہم اس مرتبہ کسی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک سچے اور کھرے انسان ہیں جو غریبوں کا درد رکھتے ہیں اور اپنی نیک نیتی کی وجہ سے تیسری مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر مخالفین سمجھتے ہیں کہ وہ سازش کے ذریعے وزیر اعظم ہاؤس پہنچ جائیں گے تو میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ وہ خود بھی وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ نہیں سکیں گے، بلوچستان اور ملک کے ہر کونے میں محمد نواز شریف کے متوالے موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم شرافت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مخالفین بھی ہوش کے ناخن لیں اور یہ بات سمجھ لیں کہ ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں، مخالفین 2018 کا انتظار کریں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں اور ہماری رفاقت 25سال پر محیط ہے وزیراعظم نے ہمیشہ اپنے دور اقتدار میں بلوچستان کو ترجیح دی جس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں، ان کی بارہا کوئٹہ آمد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی انہیں بے حد عزیز ہے، وزیراعظم کا یہ کہنا کہ بلوچستان ان کے دل کے قریب ہے، ہمارے لیے باعث تقویت ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم کی مدبرانہ قیادت میں ملک اور قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے جاری ٹھوس اقدامات میں بھی بلوچستان کو بھی توجہ اور ترجیح حاصل ہے ، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہیلتھ پروگرام عوام کی فلاح و بہبود کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ جس کا مقصد ان نادار اور غریب لوگوں کو علاج و معالجہ کی بہتر اور بلامعاوضہ سہولت کی فراہمی ہے جو اپنا اور اپنے خاندان کا علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے شکر گزار ہیں کہ اسلام آباد کے بعد بلوچستان پہلا صوبہ ہے جہاں اس پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے ، اس پروگرام سے بلوچستان کے غریب عوام کو ناصرف حکومتی خرچ پر جدید طبی سہولتیں میسر آئیں گی بلکہ ان کی معاشی حالت بھی بہتر ہو سکے گی، کیونکہ وہ علاج و معالجے پر اٹھنے والے اخراجات کو اپنی دیگر ضروریات زندگی کے لیے استعمال کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحت پروگرام کا آغاز اس حقیقت کا مظہر ہے کہ وزیراعظم اور ان کی قیادت میں وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی اور بلوچستانیوں کی خوشحالی کے لیے انتہائی سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات بھی جاری ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ شعبہ صحت کی ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے محکمہ صحت کے فنڈز میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں ، ڈسپنسریوں اور بنیادی مراکز صحت کی حالت زار کو بہتر بنا کر جدید طبی آلات اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعیناتی اور ان کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد اور اسے وسعت دینے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بلوچستان کو ہر شعبہ میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی سرپرستی، راہنمائی اور بھرپور معاونت حاصل رہے گی۔تقریب سے وزیر مملکت برائے صحت محترمہ سائرہ افضل تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے صحت پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ، قبل ازیں صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے وزیراعظم صحت پروگرام کے بلوچستان میں آغاز پر وزیراعظم اور وزیر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کر کے غریب اور نادار افراد کو حکومت کی جانب سے علاج و معالجہ کی بلامعاوضہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گااور بتدریج صوبے کے تمام اضلاع تک اس پروگرام کا دائرہ کار بڑھا دیا جائیگا۔