|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2016

کوئٹہ: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر بلوچستان میں مکمل ہونے والے بجلی ، گیس اور انفراسٹرکچر کے تین منصوبوں کا افتتاح کردیاجس پر تقریبا ساڑھے دس ارب روپے کی لاگت آئی جبکہ کوئٹہ میں زرغون روڈ اور گولیمار مارچوک پر دو انڈر پاسز اور محمود خان اچکزئی کے آبائی علاقے عنایت اللہ کاریز کو گیس کی فراہمی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیراعظم میاں نواز شریف نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر گورنر ہاؤسز میں مختلف منصوبوں کی تختی کی نقاب کشائی کرکے ان کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ نواب ثناء اﷲ خان زہری، وفاقی و صوبائی وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کے ذیلی ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی ) کے تحت 220 کے وی خضدار گرڈ سٹیشن اور 274 کلو میٹر خضدار دادو ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کیا جس پر 7.35 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ انہوں نے 227 کلو میٹر طویل لورا لائی ڈی جی خان بجلی ٹرانسمیشن لائن کا بھی افتتاح کیا جس پر 2.731 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد بجلی کی طلب کرنا، وولٹیج میں بہتری لانا اور لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کوئٹہ سے مستونگ، قلات اور ملحقہ علاقوں کو قدرتی گیس کی فراہمی کیلئے موجودہ پائپ لائن کی گنجائش میں توسیعی منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔ منصوبے کے تحت 16 قطر کی 40 کلو میٹر طویل گیس پائپ لائن بچھائی گےء یت اس پر 840 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ وزیراعظم نے کوئٹہ میں سول سیکریٹریٹ کے بلاک نمبر14کا بھی افتتاح کیا جو 591.139 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔دریں اثناء وزیراعظم نے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ ان میں ضلع قلعہ عبداﷲ میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے آبائی علاقے عنایت اﷲ کریز گلستان کے لئے گیس سپلائی کا منصوبے بھی شامل ہے۔ جس کے تحت 55 کلو میٹر پائپ لائن بچھائی جائے گی ۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے تحت اس منصوبے پر 571 ملین روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعظم نے کوئٹہ شہر کیلئے دو انڈر پاسز منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ان میں ایک انڈر پاس گولیمار چوک کوئٹہ بروری روڈ پر بنے گا جس پر 1.277 ارب روپے لاگت آئے گی ۔ اس منصوبے کو اگست 2017ء تک مکمل کیا جائے گا۔ جبکہ زرغون روڈ پر ایک اور انڈر پاس بھی تعمیر کیا جائیگا جو مئی 2017ء میں مکمل ہوگا اور اس پر 628.5 ملین روپے لاگت آئے گی۔