|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2024

کوئٹہ، :  کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کے روایتی حسن اور خوبصورتی کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی اجتماعی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کوئٹہ صفا مہم میں بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے کہا میڈیا کے دوستوں سے گزارش کہ وہ حکومت کا ساتھ دیں اور جاری صفائی مہم کو اجاگر اور شہریوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنے میں کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے نظامت تعلقات عامہ میں ڈائریکٹر جنرل محمد نور کھیتران کے ہمراہ سینئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سی ای او صفا کوئٹہ ڈاکٹر فیصل بھی موجود تھے۔

کمشنر کوئٹہ نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ ایک تحقیق کے مطابق کوئٹہ شہر میں روزانہ تقریبا 1600 ٹن کچرہ پیدا ہوتا ہے ضروری مشینری اور افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ صرف 400 ٹن کچرہ ٹھکانے لگانے کی استعداد رکھتا ہے

باقی بچ جانے والا کچرہ وہیں گلی محلوں اور سڑکوں پر رہ جاتا ہے جو کہ مختلف جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتا ہے کوئٹہ صفا مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہم نے کراچی، لاہور، راولپنڈی کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا جس کے بعد اس طرز کے پراجیکٹ کو کوئٹہ شہر کے لیے کامیاب تصور کرتے ہوئے قبول کیا

اس پراجیکٹ کا انٹرنیشنل ٹینڈر کیا گیا۔ بعد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اس پر کام شروع کیا جس کے نتائج بہت جلد عوام اپنی انکھوں سے دیکھ لیں گے۔

عوام سے بھی گزارش ہے کہ وہ منفی باتوں پہ کان نہ دھریں بلکہ اجتماعی شعور اور ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے حکومت کے مثبت اقدامات میں تعاون کریں۔

کوئٹہ شہر ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جس طرح ہم اپنے گھر میں صفائی ستھرائی اور قیمتی اشیاء کی دیکھ بھال کرتے ہیں اسی طرح ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ کوئٹہ شہر کو بھی اپنے گھروں کی طرح صاف رکھیں کیونکہ ہم سب نے اسی شہر کی گلی محلوں میں رہنا اور سانس لینا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *