|

وقتِ اشاعت :   9 hours پہلے

گوادر:ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی نے گوادر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے گوادر یونیورسٹی کی 55 مستحق طالبات کو اسکالرشپس فراہم کردیا ہے۔ اس موقع پر گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر، جناب دانش امان سے طالبات کے اسپرنگ سمسٹر کی فیس کے مد مین 1.7 ملین روپے کا پہلا چیک وصول کیا۔

اسکالرشپ کی یہ رقم ان طالبات کی مالی معاونت کے لیے استعمال کی جائے گی جو مالی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد باصلاحیت طالبات کو ان کے تعلیمی خوابوں کی تکمیل کے لیے درپیش رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر نے ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کی اس اعلی کاوش پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور خطے کے مستقبل کے رہنماؤں کی تربیت کے لیے یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ عطیہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ تعلیمی معیار کو فروغ دینے اور گوادر کے نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے میں معاشرتی تعاون کتنا اہم ہے۔اس موقع پر پاکستان نیوی کے کمانڈنگ آفیسر جناب جنید علی میر، یونیورسٹی آف گوادر کے رجسٹرار دولت خان، ڈائریکٹر آف فنانشل ایڈز عبید علی، اور پی ایس او ٹو وائس چانسلر محمد ارشاد بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *