|

وقتِ اشاعت :   10 hours پہلے

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان سے فارغ التحصیل ہونے والے پی ایچ ڈی اور اسکالرز اور گریجویٹس اپنی عملی زندگی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

یہ انسانی تاریخ میں پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹک ٹیکنالوجی کا نیا مرحلہ ہے جو چوتھا صنعتی انقلاب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی بنیادوں پر استوار ہو رہا ہے۔

ان دستیاب سنہری مواقعوں اور سہولیات کے پیش نظر آپ سب پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ آپ ملک اور پوری انسانیت کے روشن مستقبل کی تشکیل کی ذمہ داری نبھائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے اکیسویں کانووکیشن کے شرکاء اور منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلر صاحبان، ایرانی قونصل جنرل حسن درویش مند اور ماہرین تعلیم سمیت والدین اور اسٹوڈنٹس کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

یونیورسٹی آف بلوچستان کے اکیسویں کانووکیشن میں 501 فارغ التحصیل ہونے والے طلباء اور طالبات ہیں جن میں 25 پی ایچ ڈی اسکالرز، 27 ایم فل اور 415 گریجویٹس جبکہ 34 گولڈ میڈلسٹ شامل تھے۔

21 ویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی اور ان کی پوری ٹیم کو شاندار کانووکیشن کے انعقاد کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم جامعہ بلوچستان کے مالی اور تدریسی مسائل اور مشکلات سے بخوبی واقف ہیں۔

یقین دلایا کہ درپیش مسائل کو بہت جلد حل کیے جائیں گے اور آپ کی متحرک قیادت میں یونیورسٹی آف بلوچستان ضرور ترقی کرے گی۔

اس سلسلے میں ہم اپنی ہر ممکن مدد اور رہنمائی فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس کافی خوش قسمت ہیں کہ آپ انسانی تاریخ کے ایک اہم دور میں گریجویشن کر رہے ہیں۔

نئی نسل سب سے زیادہ پڑھی لکھی نسل ہے اور وقت و جغرافیہ کی کسی رکاوٹ کے بغیر سب سے زیادہ منسلک ہیں۔

آپ ٹیکنالوجی کے دور میں بڑے ہوئے ہیں اور دنیا آپ کی انگلیوں پر دستیاب ہے۔

یہ جان کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ آپ سب ملک اور صوبے دونوں کے وسیع تر مفادات کیلئے کیا حاصل کر سکتے ہیں۔

یہاں کے اساتذہ کرام نے ہزاروں نوجوانوں کی زندگیاں بدل دی ہیں۔

معاشرہ، ہماری آنے والی نسلوں کے ذہنوں کی تشکیل میں آپ کی گراں قدر خدمات کا مشکور رہے گا۔

گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج کی گریجویشن کی اس تقریب کے فارغ التحصیل ہونے والے ابھرتے ہوئے نوجوانوں میں آنے والے کل کے متحرک لیڈرز اور سائنسدانوں کو دیکھ رہا ہوں۔

آپ سب سے بڑی توقعات وابستہ ہیں کہ آپ پاکستان اور بلوچستان کے روشن اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنائیں گے۔

آپ کے والدین، آپ کی طاقت کے ستون ہیں جن کا احترام آپ پر لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر اور خوشی ہے کہ یونیورسٹی آف بلوچستان ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، اختراعی حل اور بلوچستان کے اساتذہ اور نوجوانوں میں جدید عالمی رجحانات کو فروغ دینے میں سرفہرست ہے۔

اور جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ہی ترقی و خوشحالی کی جانب حقیقی راستہ ہے۔

قبل ازیں گورنر بلوچستان نے پی ایچ ڈی، ایم فل اور گریجویٹس میں اسناد تقسیم کیے جبکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو گولڈ میڈلز پہنائے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *