گوادر: ایرانی بارڈر پر تعینات اہلکار ہروقت چوکس رہیں ،
سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ڈی آئی جی کوسٹل ہائی وے پولیس این-10 بلوچستان،برکت حسین کھوسہ کا ایرانی بارڈر اور گوادر سے گبد چیک پوسٹوں کا دورہ ،اہلکاروں سے ملاقات کی
تفصیلات کے مطابق سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کوسٹل ہائی وے پولیس این-10 کے ڈی آئی جی برکت حسین کھوسہ نے حالیہ خطرات اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاک-ایران سرحد (گبد) تک قائم مختلف چیک پوسٹوں کا دورہ کیا۔ اس دوران ایس پی زون 01، محمد اسلم بنگلزئی اور ایس پی زون 02، حفیظ امیر بلوچ بھی انکے ساتھ تھے۔
اس اہم دورے کا مقصد چیک پوسٹوں پر سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینا اور وہاں تعینات اہلکاروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
ڈی آئی جی برکت حسین کھوسہ نے اپنے دورے کے دوران چیک پوسٹوں پر موجود عملے سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی انتھک محنت اور خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ہمارے اہلکار عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے چاک و چوبند ہیں، جو کہ قابل تحسین ہے۔ڈی آئی جی نے اہلکاروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ہر وقت چوکس رہیں اور سیکیورٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں فوری اورموثر ردعمل کے لیے نزدیکی چیک پوسٹوں اور ہیڈکوارٹرز کے ساتھ فوری رابطے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے چیکنگ کے عمل کو مزید بہتر اور تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ خطرات کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔
ڈی آئی جی برکت حسین کھوسہ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر اہلکاروں کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے
تاکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے کوسٹل ہائی وے کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ کوسٹل ہائی وے پر عوام کو تحفظ اور سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوسٹل ہائی وے پولیس کے جوان اپنے فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کریں گے اور ہمیشہ چوکس رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کی حفاظت کے لیے کوسٹل ہائی وے پولیس کا کردار نہایت اہم ہے، اور ہماری پوری کوشش ہے کہ عوام کا ہماری فورس پر اعتماد برقرار رہے۔
Leave a Reply