|

وقتِ اشاعت :   4 hours پہلے

پاکستان نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

زمبابوے نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دیا تھا۔

زمبابوے کے شہر بلاوایو میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں زمبابوے کے کپتان کریگ اروِن نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز کرنے والے توانداناشے مارومانی دوسرے ہی اوور میں محمد ابرار کا شکار بن گئے، وہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

زمبابوے کے دوسرے اوپننگ بلے باز جویلورڈ گمبی 5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، ڈیون مائرز 33 اور کپتان کریگ ارون 18 رنز بنانے میں کامیاب رہے، سین ولیمز نے 31 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ سکندر رضا 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں ڈیبیو کرنے والے محمد ابرار 4، سلمان علی آغا 3، فیصل اکرم اور صائم ایوب ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

تعاقب میں پاکستان نے 146 رنز کا ہدف 19 ویں اورر میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے حاصل کرلیا، صائم ایوب 113 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ عبداللہ شفیق نے 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

دوسرے میچ کے لیے زمبابوے نے اپنی فاتح سائیڈ برقرار رکھی ہے جب کہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حسیب اللہ خان کی جگہ طیب طاہر کو موقع دیا گیا ہے اور محمد حسنین کی جگہ محمد ابرار کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بلاوایو میں ہی کھیلے گئے پہلے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں قومی ٹیم 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز ہی بناسکی تھی۔

بعد ازاں، زمبابوے نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے تحت 80 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کا اسکواڈ

محمد رضوان (کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، طیب طاہر، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، ابرار احمد، اور فیصل اکرم

زمبابوے کا اسکواڈ

کریگ ارون (کپتان)، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا اور سین ولیمز

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 63 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، ان میں سے 54 میں پاکستان کامیاب رہا جب کہ زمبابوے کو صرف 6 میچز میں کامیابی مل سکی، ایک میچ ٹائی ہوا جب کہ دو بے نتیجہ ختم ہوئے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *