|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2016

 کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ آرمی چیف نے آفتاب احمد کی موت کے حوالے سے سچ سامنے لانے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا حکم دیا ہے۔ قبل ازیں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی ہدایت پر بھی آفتاب احمد کی موت کے محرکات جاننے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی گئی، تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی رینجرز سیکٹر کمانڈر کریں گے جو جلد ازجلد تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ ڈی جی رینجرز کو پیش کریں گے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے رینجرزکی تحویل میں دیئے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور فاروق ستارکے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد دوران حراست انتقال کرگئے تھے جس پرایم کیوایم نے آج اعلی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ آفتاب احمد کی موت پر رینجرز کی جانب سے کہا گیا کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کے باعث واقع ہوئی جب کہ ایم کیو ایم نے موت کی ان وجوہات کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں نہ تو دل کا کوئی عارضہ لاحق تھا اور نہ ہی کوئی بیماری بلکہ آفتاب احمد کی موت تشدد کے باعث واقع ہوئی اور ان کے جسم پر موجود نشانات اس کے واضح ثبوت ہیں۔