کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے درینگڑھ میں شہید ہونیوالے لیویز اہلکاروں کے اہلخانہ ڈاکٹر محمد بخش،وڈیرہ اللہ بخش محمد شہی،سرفراز ببری،محمد یعقوب بنگلزئی ودیگر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہمارے شہداء کو تا حال شہید ڈکلیئر نہیں کیا گیا
اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی سنجیدہ اقدام اٹھایا گیا ہے ہم آج بھی انصاف کے منتظر ہیں جس کی وجہ سے ہمیں شدید تشویش لاحق ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ 13 ستمبر کو مستونگ کے علاقے درینگڑھ کے مقام پر بھتہ خوروں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے لیویز اہلکاروں مزار جان مینگل اور وڈیرہ اللہ بخش محمد شہی کوحکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تا حال سرکاری طور پر شہید ڈکلیئر نہیں کیا گیا
اور نہ ہی کوئی سنجیدہ اقدام اٹھایا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کے اہلخانہ ، عزیز و اقارب انصاف کے منتظر ہیں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ ڈھائی ماہ سے سردخانے میں پڑے اس کیس کو فوری طور پر سی ٹی ڈی کے حوالے کیا جائے
تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے فوری اقدام اٹھایا جاسکے انہوں نے کہا کہ شہید اور زخمی لیویز اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ اب تک برآمد نہیں کیا گیا
انہوں نے کہا کہ لیویز اہلکاروں کو شہید کرنے کے بعد انکی لاشوں کی بے حرمتی کی گئی جبکہ واقعہ میں ملوث عناصر آج بھی آزادی سے سرعام گھوم رہے ہیں
حکومت انکے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے درینگڑھ واقعہ میں 2 لیویز اہلکار شہید جبکہ ایس ایچ او حاجی ایاز محمد شہی سمیت 3 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
ہمیں انصاف فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لواحقین میں پائی جانے والی تشویش دور ہوسکے۔
Leave a Reply