کوئٹہ : پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر صوبائی وزیر پارلیمانی لیڈر سینٹرل کمیٹی کے رکن میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ہمارے لئے قابل احترام ہے وہ موجودہ حالات کے تناظر میں سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگست 2019ء میں ہونے والے دینی مدارس کی رجسٹریشن کے معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے سیاسی عزائم کی بجائے ملک میں یکجہتی کے فروغ اور قومی سلامتی کو تقویت دینے کے لئے اس معاہدے پر من و عن عمل کریں
تاکہ دینی مدارس کی رجسٹریشن اور ان میں تعلیم دینے والے اساتذہ اور طلباء کے قواعد و ضوابط کو یقینی بنایا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے ملنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ ملک میں دینی تعلیم کے فروغ اور مدارس کے نظام کو منظم کرنے کے لئے وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے مابین اگست 2019ء میں ایک معاہدہ طے پایا تھا
اس معاہدہ کے تحت تمام دینی مدارس کی رجسٹریشن وزارت تعلیم کے پاس کرانے کا عمل ضروری قرار دیا گیا تھا اور رجسٹرڈ مدارس کے لئے یہ بھی لازم ہے کہ وہ اپنے بینک اکائونٹس کھولے اور غیر ملکی اساتذہ و طلباء کیلئے حکومتی قواعد و ضوابط اور ویزہ پالیسی پر عمل کریں کیونکہ ہم دینی مدارس کے مخالف نہیں
مدارس اور ان کے طلباء ہمارے سر اور آنکھوں پر ہے موجودہ حالات کے تناظر میں سیاسی رسہ کشی کے لئے مدارس کا استعمال ہرگز قبول نہیں حالانکہ مولانا فضل الرحمن ہمارے لئے قابل احترام ہیں انہیں سیاسی بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مدارس کے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے ، شفافیت اور قومی مفاد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار اد اکرنا چاہئے
انہوں نے کہا کہ مذکورہ معاہدہ کے تحت متعلقہ اداروں اور تنظیموں پر لازم ہے کہ وہ اس پر عملدرآمد کرکے قومی سلامتی کو تقویت دیں ہم سب کی کوشش ہونی چاہئے
کہ ہم اتحاد و اتفاق کو فروغ دیتے ہوئے قومی سلامتی اور یکجہتی کو ہمیشہ ترجیح دینا چاہئے ان حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اقدامات میں ملکی مفاد کو مقدم رکھنا چاہئے تاکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کو بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔