کوئٹہ: یونیسیف کے پرنسپل سیکیورٹی کوآرڈینیٹر پال فیرل اور ان کی ٹیم پر مشتمل ایک وفد نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان آفس کا دورہ کیا وہاں پر انہوں نے آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سے ملاقات کی۔
اس موقع پر یونیسف کے وفد نے آئی جی پولیس کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کے لیے بلوچستان پولیس کے معمول کا تعاون لائق تحسین ہے۔
اس موقع پر آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے وفد کو یقین دلایا کہ بلوچستان میں اقوام متحدہ کے جتنے پروجیکٹس پر کام جاری ہے
اس حوالے سے سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔
آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے یونیسف کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے حوالے سے بھی ہماری پولیس بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم پر ہمارے جوان پولیو عملہ کی حفاظت پر مامور رہتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاسکے۔
آئی جی پولیس نے مزید کہا کہ بلوچستان پولیس پولیو ٹیم کے ساتھ ہر اول دستہ کا کردار ادا کرتے ہوئے بلوچستان کے تمام اضلاع میں پولیو مہم کے دوران پولیس پولیو ورکرز کی سیکورٹی کے لئے ہمہ تن مصروف عمل رہتی ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ خواجہ سراؤں خصوصاً عورتوں اوربچوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے UNODC کے تعاون سے جدید ترین سہولیات پر مشتمل وویمن اینڈ جووینائل فیسلیٹیشن سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
اس سینٹر میں خصوصاً بچے اور خواتین جو پولیس تھانوں میں اپنا مدعا بیان نہیں کر سکتے وہ وویمن اینڈ جوینائل فیسیلیٹیشن سینٹر میں اپنی شکایات درج کراتے ہیں جہاں ان کی ابتدائی داد رسی کی جاتی ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے یونیسیف کے وفد کو آئی جی آفس میں قائم میوزیم اور لائبریری کا بھی دورہ کرایا جہاں پر انہیں میوزیم میں موجود تاریخی نوادرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر یونیسیف کے وفد نے عورتوں اورخصوصاً بچوں کی سیکورٹی اور دیکھ بھال کے حوالے سے آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
یونیسف کے وفد نے اقوام متحدہ کی آپریشنل سیکیورٹی کے حوالے سے بھی آئی جی پولیس بلوچستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔