|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2024

گوادر: گوادر یونیورسٹی نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت یونیورسٹی انتظامیہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔

اس پروگرام کا مقصد یونیورسٹی کے انتظامی عملے کی پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینا اور ان کی مہارتوں میں نکھار لانا ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمانانِ خصوصی ڈاکٹر سید منظور احمد، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر، اور طاہر عباس زیدی، نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر تھے۔

تربیتی سیشنز کی قیادت محترمہ امبرین بروانی، سینئر ریسورس مینیجر، کیریئر ڈویلپمنٹ سینٹر، آئی بی اے کراچی نے کی۔

پروگرام کی نگرانی ٹریننگ کوآرڈینیٹر، راجہ اصف کر رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید منظور احمد نے انتظامی صلاحیتوں میں اضافے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا،

“یہ پروگرام ہماری انتظامیہ کو اعلیٰ تعلیم کے بدلتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

” طاہر عباس زیدی نے یونیورسٹی آف گوادر کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے فعال کوششوں کو سراہا اور پاکستان بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی معاونت میں NAHE کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ محترمہ امبرین بروانی نے اپنے وسیع تجربے کے ساتھ اس پروگرام کا آغاز اسٹریٹجک پلاننگ اور موثر فیصلہ سازی کے موضوع پر کیا۔ تربیتی پروگرام میں قیادت، مواصلات، اور انتظامی بہترین طریقوں پر مبنی انٹرایکٹو ورکشاپس شامل ہیں، جو یونیورسٹی کی انتظامیہ کی ضروریات کے مطابق تیار کی گئی ہیں۔

یونیورسٹی آف گوادر تعلیم اور انتظامیہ میں اعلیٰ معیار کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ایسے پروگرام اس وڑن کی عکاسی کرتے ہیں، جو مسلسل سیکھنے اور پیشہ ورانہ ترقی کے کلچر کو پروان چڑھاتے ہیں۔

پانچ روزہ تربیتی پروگرام 13 دسمبر 2024 تک جاری رہے گا، اور شرکاء یونیورسٹی کے آپریشنز کو بہتر بنانے کے لیے قیمتی معلومات اور مہارتیں حاصل کریں گے۔