|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2016

سکھر: وزیراعظم نوازشریف نے سکھرملتان موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعظم نواز شریف سکھر ایئرپورٹ پہنچے تو وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور پولیس کے افسران نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم نے سکھر ملتان موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ 393 کلو میٹر طویل سکھر ملتان موٹروے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت تعمیرکئے جانے والے پشاور کراچی موٹروے منصوبے کا حصہ ہے، چھ رویہ موٹروے ملتان سے جلال پور پیروالہ، احمد پور شرقیہ، اوباڑو اور پنوں عاقل سے گزرتی ہوئی سکھر پہنچے گی۔ موٹروے پرمجموعی طور پر 54 پل تعمیر کئے جائیں گے جن میں سب سے بڑا پل دریائے ستلج پر تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے میں 12 سروس ایریا، دس ریسٹ ایریا، 11 انٹرچینج ، 10 فلائی اوور اور 426 انڈر پاسز کی تعمیر بھی شامل ہے۔ موٹروے سے سندھ اور پنجاب کے درمیان تیز ترین نقل و حمل کی سہولت میسر ہوگی۔