|

وقتِ اشاعت :   1 day پہلے

زیارت:وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا کے عظیم رہنما اور رہبر تھے جنہوں نے قوم کو غلامی سے نجات دلاکر آزاد ملک کا تحفہ دیا، قائداعظم کے وژن، عزم اور استقلال کی بدولت ہی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کا قیام ممکن ہو سکا آج کا دن قائد کے رہنما اصولوں پر گامزن ہو کر وطن عزیز کی ترقی کے لئے ہر فرد کی انفرادی جدوجہد اور یکجہتی کی تجدید عہد کا دن ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایف سی نارتھ بلوچستان کے زیر اہتمام قائد ریزیڈنسی میں منعقدہ یوم قائد کی پروقار تقریب سے بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل عابد مظہر، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت اعلی سول و فوجی حکام بھی شریک تھے، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وطن عزیز نے جہاں مختلف شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں وہاں اس ملک کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر جن جن لوگوں نے کردار ادا کیا

پاکستانی قوم ان کا احسان تاقیامت نہیں بھول سکتی ، پاکستانی قوم کبھی بھی ملک دشمن عناصر کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگی بلکہ قومی یکجہتی اور اتفاق رائے سے ایک منظم قوم بن کر ابھرے گی جس پاکستان کا خواب محمد علی جناح نے دیکھا تھا وہ خواب مکمل طور پر شرمندہ تعبیر ہوگا وزیر اعلی نے کہا کہ وہ سپوت جو اپنی جانوں اور مقدس لہو کا نذرانہ پیش کرکے اس پاک دھرتی کی حفاظت کررہے ہیں ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں آج کے دن بھی اس دھرتی کے لئے تربت کے علاقے میں دو عظیم سپوتوں نے ہمارے آنے والے محفوظ مستقبل اور نسلوں کے لئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا

ہے پاکستان کی فوج ، ایف سی، پولیس، لیویز اور پاک دھرتی پر جان نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کو بلوچستان کی حکومت، لوگ اور یہاں کا بچہ بچہ خراج عقیدت پیش کرتا ہے شہدا کی فیملیز، اور ان تمام غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو عزم و حوصلے کے ساتھ سرزمین پاکستان کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں

وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا بڑا مسئلہ انسرجنسی، علیحدگی کی تحریک یا دہشت گردی نہیں بلکہ کرپشن ہے بلوچستان کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر فرد نے کرپشن کے خلاف پختہ تہیہ اور عملی کردار ادا کرنا ہے، ہم نے کرپشن پر قابو پالیا تو روز قیامت قائد اعظم محمد علی جناح کے سامنے ان کے خواب کی تعبیر کے ضمن میں سرخرو ہوں گے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج بلوچ کو بحیثیت قوم فیصلہ کرنا ہوگا کہ جس لا حاصل جنگ کی طرف ہمیں دھکیلا جاررہا ہے اس سے کیا حاصل ہوگا ؟ کیا اس تشدد، بندوق کے زور اور دہشت گردی کے ذریعے خدانخواستہ پاکستان کو توڑا جاسکتا ہے؟

تو یہ واضح ہے کہ یہ ناممکن ہے یہ نہیں ہوسکتا یہ نہیں ہوگا ، تو پھر کیوں بلوچوں کو نسل کشی کی طرف بڑھایا جا رہا ہے عام بلوچ کو دہشت گردی کی طرف لے جایا جاررہا ہے اس بنیاد پر کہ یہاں غیر متوازن ترقی ہے اور سہولیات میسر نہیں، یہ موقف محض پروپیگنڈا ہے یہ مسائل صرف بلوچستان کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے ہیں ، وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ پشتون سرزمین قائد اعظم محمد علی جناح کی میزبان رہی ہے آپ کو اس پر تاقیامت فخر ہونا چاہئے اس خطے نے ہمیشہ پاکستان کی خدمت کی ہے آج بلوچ خطے کے ساتھ ساتھ پشتون خطے کو بھی دہشت گردی اور تشدد کی طرف دھکیلا جاررہا ہے،

وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج نہیں تو تیس یا پچاس سال بعد اس پر بحث ہوررہی ہوگی کہ ایک طرف آپ کی حکومت بلوچ پشتون اور بلوچستان کے بچوں اور بچیوں کو ہارورڈ اور آکسفورڈ بھیجوا رہی تھی تو دوسری طرف ساتویں سمسٹر کی قانون کی طالبہ کو بے بنیاد پروپیگنڈا اور آرٹیفیشل اینٹیلی کے ذریعے ذہن سازی کرکے خود کش جیکٹ پہنائی جاررہی تھی آج سوچنا ہوگا کہ بلوچ کو کس طرف لے جایا جارہا ہے ؟ علامہ اقبال ایک عظیم مفکر ، دانشور اور درویش صفت انسان تھے جنہوں نے کئی سال پہلے بلوچوں کو استعمال کرنے کی پیش بندی کی تھی حضرت علامہ اقبال نے بلوچ قوم کو روشن مستقبل کا جو خواب دکھایا تھا بلوچ قوم کی اصل منزل وہ ہے ، آج پشتون علاقوں میں قوم پرستی کو بڑھاوا دیا جاررہا ہے

14 اگست 1947 سے پہلے ہماری شناخت بلوچ، پشتون اور مختلف قومیتوں سے تھی ہم آج بھی بلوچ اور پشتون پیں لیکن پہلے پاکستانی ہیں اس کے بعد ہی بلوچ، پشتون، سندھی ، پنجابی ، ہیں ہمارا کلچر ، زبان ، رہن سہن ایک حقیقت ہیں لیکن سب سے بڑھ کر پاکستان ہے اس کے بعد یہ سب کچھ ہے،ہماری شناخت اور پہچان صرف اور صرف پاکستان ہے پاکستان آگے بڑھے گا تو ہم ترقی کریں گے پاکستان کے خلاف ایتھنیک اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کی سازشیں کی گئی لیکن الحمدللہ ایسی تمام سازشیں ناکام ہوئیں اور آئندہ بھی ناکام ہوں گی اسلام سمیت ہر وہ چیز جس نے بحیثیت قوم ہمیں پاکستانیت سے جوڑا ہوا ہے ہمارا دشمن آج بھی اس پر حملہ آور ہے اس کا مقابلہ نوجوان نسل نے کرنا ہے ہم اس نوجوان نسل سے وعدہ کررہے ہیں

کہ ہم آپ کی نوکریاں بیچنے نہیں دیں گے، آپ تعلیم حاصل کریں آپ کو میرٹ پر نوکریاں دیں گے، چاہے کچھ بھی ہو میرٹ سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ، نوجوانوں کو اس خطے اور ملک کی خدمت کے لئے آگے بڑھنا ہے اور کرپشن کو روکنا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں کوئٹہ میں بیٹھ کر کیسے اندازہ لگاں گا کہ زیارت میں نوکری بیچی گئی ہے آج ٹیکنالوجی کا دور ہے آپ مجھے آگاہ کریں نوکریوں کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کو نمونہ عبرت بنائیں گے وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان میں عوامی فلاح و بہبود کے تمام منصوبوں کو اخبارات اور میڈیا میں مشتہر کیا جاررہا ہے تاکہ عام آدمی کو علم ہو ان کے منتخب نمائندوں نے کیا اسکیمات تجویز کی ہیں اور ان پر کہاں تک عمل درآمد ہوا ہے

یہ عوام کے ٹیکسز کے پیسے ہیں جن کی جوابدہی کا حق بھی آپ کو ہی حاصل ہے، وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سے کرپٹ پریکٹسز کو روکیں گے اس میں آپ کی مدد درکار ہے آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے جس میں ہم سب نے یہ عہد کرنا ہے کہ اپنے قائد کے پاکستان کو ان کے وژن کے مطابق لیکر چلیں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج اس تقریب میں میڈیا کے ذریعے پورا بلوچستان اور ملک ہمیں دیکھ رہا ہے میں آپ سے کرپشن کے خاتمے کی مدد چاہتا ہوں آپ نے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کی مدد کرنی ہے مصدقہ اعداد و شمار اور ثبوت کے ساتھ ہماری مدد کریں ، کرپشن اور بد عنوانیوں میں ملوث عناصر کا قلع قمع کریں گے

آپ کی حکومت آپ کی مدد کرنا چاہتی ہے میر سرفراز بگٹی نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے تاریکیوں کو روشنی میں تبدیل کرنا ہوتا ہے وہ آرام سے نہیں بیٹھتے ، آپ کی مدد سے بلوچستان کو دہشت گردی اور کرپشن کی لعنت سے آزاد کرائیں گے اور اس صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے دکھائیں گے، تقریب کے اختتام پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زیارت میں قائد اعظم محمد علی جناح نرسنگ کالج کے قیام کا اعلان کیا جبکہ گیس پریشر میں کمی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے نئی گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر اقدامات کا بھی یقین دلایا،

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *