لاہور: وفاقی حکومت نے بجلی چوری روکنے اور وصولیوں کے حوالے سے لاہور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی (لیسکو ) کی مدد کے لیے سیکٹر کمانڈر سول آرمڈ فورس (رینجرز)، آئی ایس آئی، ایم آئی اور دیگر افسران پر مشتمل ’’ڈسکو سپورٹ یونٹ ‘‘قائم کر دیا۔
دستاویزات کے مطابق وزارت پاور ڈویژن کی طرف سے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر اس سپورٹ یونٹ کے ڈائریکٹر جبکہ سیکٹر کمانڈر سول آرمڈ فورس(رینجرز) اس کے شریک ڈائریکٹر (Co-Director) ہوں گے۔
ڈسکو سپورٹ یونٹ کے دیگر ممبران میں ایف آئی اے، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے 18اور19گریڈ کے افسر، آئی جی پنجاب کی طرف سے نامزد کردہ گریڈ 18کے افسر(ایس پی)اور کمشنر لاہور کی طرف سے نامزد کردہ گریڈ 18کے افسر شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق اس ڈسکو سپورٹ یونٹ کے ٹی او آرز میں وصولیوں کی ریکوری میں تیزی لانا، بجلی چوری کے خلاف پلان ترتیب دینا، انتظامی مداخلت کرتے ہوئے نان ٹیکنیکل لاسز میں کمی، مسائل کے ٹیکنیکل حل میں بہتری اور ان پر عملدرآمد، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کے ساتھ انٹرفیس قائم کرکے انتظامی کمیوں کو دور کرنا اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیسکو افسران اور ملازمین کو انٹیلی جنس بیسڈ ثبوتوں کی بنیاد پر نوکریوں سے فارغ کرنا شامل ہیں۔
اس حوالے سے رابظہ کرنے پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجنیئر شاہد حیدر نے بتایا کہ بجلی چوری روکنے اور وصولیوں میں تیزی لانے کے لیے ان کی رینجرز حکام کے ساتھ میٹنگ ہو چکی ہے۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو دوسال کیلئے قائم یونٹ کے ڈائریکٹر ،سیکٹر کمانڈر سول آرمڈ فورس(رینجرز) شریک ڈائریکٹر ، ایف آئی اے، ملٹری انٹیلی جنس،آئی ایس آئی ، آئی جی پنجاب اور کمشنر لاہورکے نامزد کردہ اعلیٰ افسر ممبر ہوں گے۔
Leave a Reply