|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2025

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے رکن اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی کاوشوں سے بلوچستان عوامی فنڈ کے ذریعے سال 2024 میں سینکڑوں غریب اور نادار مریضوں کا علاج کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان مریضوں کا علاج کوئٹہ سمیت ملک بھر کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں کیا گیا، جس میں کینسر، گردے کے پیوند کاری، جگر کی پیوند کاری، دل کے امراض اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا مریض شامل ہیں۔

حاجی ولی محمد نورزئی کے مطابق، ان مریضوں کا علاج مجموعی طور پر 39 کروڑ 35 لاکھ 65 ہزار 905 روپے کی لاگت سے کیا گیا، جو حکومت بلوچستان نے خرچ کیے ہیں۔ ان مریضوں میں کینسر کے 126، کان کے مختلف امراض میں مبتلا 14 مریض، گردے کے پیوند کاری کے 19 مریض، جگر کے پیوند کاری کے 32 مریض، تھلیسیمیا کے 7 مریض اور دل کے 8 مریض شامل ہیں

جن کا علاج کوئٹہ سے باہر مختلف ہسپتالوں میں کیا گیا۔ اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس اور سینار ہسپتال میں 2200 مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کا علاج بلوچستان اینڈومنٹ فنڈ کے ذریعے کیا گیا، جس کی لاگت تقریبا 13 کروڑ روپے رہی۔

وزیر اعلی بلوچستان کی خصوصی توجہ کے باعث محکمہ سوشل ویلفیئر کے اینڈومنٹ فنڈ نے مسلسل اور بلا تفریق غریب مریضوں کا علاج جاری رکھا ہے۔ حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ وزیر اعلی کی کوششوں سے سینکڑوں غریب مریضوں کو صحت کی سہولتیں میسر آئی ہیں اور ان کے علاج میں تسلسل برقرار رکھا جا رہا ہے۔