|

وقتِ اشاعت :   12 hours پہلے

کوئٹ: انسپکٹرجنرل آف پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا، جرائم پر قابو پانا، عوامی خدمات کی فراہمی اور فورس کی فلاح و بہبود اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

خوداحتسابی اور انفرادی کردار سے بھی معاشرے میں جرائم اور برائیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

دہشت گردی کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس میں مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ کے 42ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس (MCMC) میں شریک زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پولیس نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔

بلوچستان پولیس موثر پبلک سروس ڈلیوری اور جرائم کا تیزی سے خاتمہ کر کے صوبے کے تمام تھانوں کو سمارٹ پولیس اسٹیشنز میں اپ گریڈکرنے کی خدمت پر معمور ہے۔موجودہ دور میں محکمہ پولیس کی جانب سے ڈیٹا سسٹم کے تحت مجرموں اور جرائم کا پورا ڈیٹا ریکارڈ کیا جانا احسن اقدام ہے جدید پولیسنگ اور پبلک سروس کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں اپنے تفتیش کے نظام کو مستحکم بنانا ہوگا۔

انہوں نے زیر تربیت افسران کو تلقین کی کہ اپنی بہترین پیشہ وارانہ کارکر دگی سے عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنائیں تاکہ آپ کی خدمات کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے۔

ادارے اور قوانین عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بنتے ہیں لہٰذا آپ بھی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر دیانتداری سے اپنے فرائض سر انجام دیں عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس میں محکمہ پولیس کا کردار نہایت اہم ہے۔

آئی جی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان پولیس شہریوں کی خدمت اور تحفظ کے لیے جرائم کی روک تھام کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کے لیے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے اسی طرح، کمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات کے سلسلے میں، معاشرے کے کمزور طبقات جیسے خواتین کے تحفظ اور ٹرانس جینڈر کی مدد اور رہنمائی کے تحفظ کے لئے ویمن پولیس اسٹیشنزاور جوینائل اینڈ فیسیلیٹشن مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر آئی جی پولیس نے مزید کہا کہ کوسٹل ہائی وے پولیس کا نام تبدیل کر کے کوسٹل ہائی وے اینڈ ٹو یرزیم پولیس رکھ دیاہے۔

آئی جی پولیس بلوچستان نے زیر تربیت افسران سے خطاب کیا اور ان کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

اے اور بی ایرایا سے متعلق سوال کے جواب میں آئی جی پولیس بلوچستا ن نے کہا کہ جہا ں بھی دہشتگردی ہو گی بلوچستان پولیس اے اور بی ایریا میں بلا تفریق اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اے اور بی ایریا ہیں مگر سی ٹی ڈی ، اسپیشل برانچ ، کرائم برانچ اور بلوچستان کانسٹیبلری صوبے میں بہتر طریقے سے کام کر رہے ہیں جس کا مقصد عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

بعدا زاں اے آئی جی آپریشنزڈاکٹر سمیع ملک نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ کے 42ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے افسران کو ڈیٹا کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹرکا دورہ کراتے ہوئے بلوچستان پولیس میں ڈیجیٹائزیشن ،کرائم کنٹرول اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی پر بریفنگ دی اور وفد کو بلوچستان پولیس کے کام، عوامی خدمات کی فراہمی کے منصوبوں، کمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات اور جرائم سے نمٹنے کی حکمت عملی اور فیلڈ فارمیشن کے بارے میں آگاہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *