|

وقتِ اشاعت :   12 hours پہلے

کوئٹہ:  سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ مادر وطن کے جملہ قومی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،

بلوچستان کے قومی، سیاسی، معاشی، معاشرتی اور تاریخی حقوق کے دفاع کیلئے ہونے والی ہر حقیقی منظم وسنجیدہ جدوجہد اور مزاحمت کی حمایت کرتے ہیں اور بلوچستان کے لوگوں کے حقوق کے نام پرسودے بازی کرنے والوں کے سامنے کھڑے ہوتے رہیں گے۔

یہ بات انہوں نے بلوچستان بھر کے اپنے ہم خیال سیاسی وفکری ساتھیوں، حمایتیوں، بہی خواہوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کہی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ ایک گروہ نے سالہال بلوچستان کے لوگوں کو مسائل کے پیچھے لگاکر انہیں جملہ قومی حقوق سے بے خبر رکھا،

میں اور میرے ساتھی بلوچستان کے جملہ قومی حقوق کے دفاع اور تحفظ کیلئے ہونے والی ہر مزاحمت اور جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اان کیساتھ ہمارا تعاون جاری رہیگا اورہراس قوت کے سامنے کھڑے ہوتے رہیں گے

جو بلوچستان کے لوگوں کے حقوق کے نام پرسودے بازی کرکے اقتدار حاصل کرتے ہیں اور بلوچستان کے لوگوں کا قومی وقت ضائع کرکے مراعات اور تنخواہیں وصول کرکے چلے جاتے ہیں اورسیاسی جماعتیں روایتی ٹھیکیداری کے دائرہ سے نکل نہیں پارہیں ان سب کا نظریہ ایک ہی ہے،

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں آباد اقوام، برادریوں اور اقلیت کے مسائل یکساں ہیں اور ان مسائل اور بحرانوں میں مسلسل اضافہ ہو نے کیساتھ ساتھ بلوچستان ایک بہت بڑے معاشی،معاشرتی اور اخلاقی بحران کی طرف بڑ ھ رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے جملہ قومی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اوران لوگوں کیساتھ کھڑے ہوں گے جو جملہ قومی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے کیونکہ بلوچستان کو درپیش سنجیدہ بحران اورافراتفری غیر سیاسی رویوں سے نہیں سنجیدہ فکری جدوجہد سے ہی ختم ہوسکتی ۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *