|

وقتِ اشاعت :   11 hours پہلے

کو ئٹہ: ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر برائے زراعت، صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے گزشتہ روز ساکران میں ڈکیتوں سے مقابلے میں سپاہی دین محمد مینگل کی شہادت پر گہرے رنج اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ بہادرسپاہی دین محمد مینگل نے ڈکیتوں سے بہادری سے مقابلہ کیا جس پر ضلع حب کی عوام سمیت پوری قوم فخر کرتی ہے۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ نام نہاد سرداروں کے سایہ تلے پلنے والے ڈاکو ضلع حب کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے مکروہ عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او امین ساسولی کو بھی خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے ڈاکوؤں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔میر علی حسن زہری نے سپاہی دین محمد مینگل کی شہادت پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے ورثاء کو صبر جمیل عطا فرمائے اور شہید دین محمد مینگل کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔

انہوں نے زخمی ایس ایچ او امین ساسولی کے لئے بھی دعا کی اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحتیابی عطا فرمائے۔میر علی حسن زہری نے انتظامیہ کو تاکید کی کہ مذکورہ ڈاکوؤں کو جلد از جلد گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

میر علی حسن زہری نے کہا کہ ضلع حب امن و امان کے حوالے سے مثالی ضلع ہے۔ ضلع حب کی انتظامیہ نے امن و امان کے حوالے سے بہترین اقدامات کئے ہیں لیکن چند مفاد پرست اور شکست خوردہ عناصر کے حواری ضلع حب کا امن وامان خراب کر کے پوائنٹ اسکور کرنا چاہتے ہیں

لیکن ہم اور ساری ضلعی انتظامیہ اپنے عوام کی حفاظت کے لئے دن رات چوکس ہے۔ میر علی حسن زہری نے شرپسند عناصر کو واضح کیا کہ ضلع حب پہلے کی طرح لاوارث نہیں یہاں کے عوام نے چالیس سالہ تاریک دور کا اپنے ووٹوں کے ذریعے خاتمہ کیا اور امن قائم کیا ہے اور عوام خوش ہے کہ ضلع بھر کے تمام علاقوں میں یکساں اور بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور جو بھی امن برباد کرنے کی کوشش کرے گا اسے عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔

میر علی حسن زہری نے عوام سے کہا کہ اپنے ارد گرد ایسے لوگوں پر نظر رکھیں جو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پائے جائیں اور ایسے افراد کی فوری طور پر پولیس انتظامیہ کو خبر دی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ ہونے سے پہلے نمٹا جاسکے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اندر اتحاد برقرار رکھیں ہم پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے صدر آصف علی زرداری کی ہدایات پر ضلع حب کے لئے تاریخی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور عوام کو استفادہ حاصل ہو رہا ہے اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ضلع حب کے تمام علاقے اور یہاں بسنے والے لوگ بلوچستان و پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار کریں گے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *