|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2016

اسلام آباد: سندھ حکومت کی سفارش پر کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں 77 روز کی توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے سندھ حکومت کی سفارش پر رینجرز اختیارات میں 77 روز کی توسیع دے دی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ رینجرز اختیارات میں 4 مئی سے 77 دن کی توسیع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سندھ کی صوبائی اسمبلی نے رینجرز کے اختیارات محدود کرنے سے متعلق ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سندھ رینجرز صوبائی حکومت کے کسی بھی دفتر یا کسی ادارے پر چیف سیکریٹری سے پیشگی تحریری اجازت کے بغیر چھاپہ نہیں مار سکیں گے اور نہ ہی وہ پولیس کے علاوہ کسی اور ادارے کی معاونت کریں گے جس کے بعد رینجرز اختیارات کی سمری وزارت داخلہ کو ارسال کی گئی تو اسے یہ کہہ کر مسترد کیا گیا کہ سندھ رینجرز صوبے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کام کر رہی ہے جو وفاق کا بنایا ہوا قانون ہے اور کسی بھی صوبائی حکومت کو اس قانون میں تبدیلی کرنے کا اختیار نہیں ہے۔