اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی زیرصدارت پاناما لیکس کے معاملے پراپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی زیرصدارت حزب اختلاف کی جماعتوں کے اجلاس میں پاناما لیکس اور جوڈیشل کمیشن کے لئے اپوزیشن کے ٹی او آرز مسترد کئے جانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کی جانب سے اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کی جانب سے متفقہ موقف اختیارکیا جائے۔
اجلاس میں پیپلزپارٹی کے علاوہ، تحریک انصاف، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، مسلم لیگ (ق)، اے این پی، قومی وطن پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور بی این پی عوامی کے پارلیمانی رہنماوں نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں سینیٹراعتزاز احسن کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔