اسلام آباد: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سینیٹ میں آئیں اور خود پر لگنے والے الزامات کی وضاحت کریں کیونکہ جب تک وہ وضاحت نہیں کریں گے ہم روزانہ کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے۔
سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد ہم یہ نہیں کہتے کہ وزیر اعظم نواز شریف پر لگائے جانے والے الزامات درست ہیں یا نوازشریف کے معاملات شفاف نہیں ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم پر الزام لگ رہے ہیں اور وہ ایوان سے چھپتے پھررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کوسینیٹ میں آکرپانامالیکس کے حوالے سے اعتماد میں لینا ہوگا، وہ ایوان میں آئیں اور خود پر لگنے والے الزامات کی وضاحت کریں کیونکہ جب تک وہ وضاحت نہیں کریں گے ہم روزانہ کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ نواز شریف وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے لے کر اب تک کے اثاثوں کی تفصیلات پیش کریں اور اگر وہ اپنے اثاثے ظاہر کردیں گے تو قوم میں پائی جانے والی بے چینی دور ہوجائے گی۔ سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ جس کے پاس 75 کروڑ روپے تھے اسے تو فوری طور پر پکڑلیا گیا اور جنہوں نے 7 ارب روپے سے کمپنی بنائی اور اسے چھپا کر رکھا وہ بے فکر بیٹھے ہیں ۔
پاناما لیکس پر وزیراعظم کی سینیٹ میں وضاحت تک اجلاس کا بائیکاٹ کرینگے، اعتزاز احسن
وقتِ اشاعت : May 9 – 2016