سوات/کو ئٹہ : جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما اورسابق سنیٹر مولانا حفظ حمداللہ نے کہاہے کہ دینی مدارس روز اول سے ہی اسلام کے قلعے رہے ہیں لیکن عالمی استعمار کے ناپاک عزائم کے باعث جنگ آزادی کے بعد نہ صرف دینی مدارس پر حملہ کیا گیا بلکہ نظام تعلیم کو بھی غلامانہ بنادیا گیا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دورہ سوات کے دورہ منگلور میں جامعہ دارالعلوم سوات اور جامعہ پبلک ہائی اسکول میں دستارفضیلت کانفرنس اور یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جامعہ کے صدرمدرس مولانا نورمحمد،ناظم تعلیمات مولانا اصغرعلی،پرنسپل جامعہ پبلک اسکول ابوسعید،جے یو آئی سوات کے امیر مولانا سید قمر،مولانا حافظ محمد ادریس،قاری محمد عثمان (برطانیہ) نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر بچوں نے تقاریر پیش کیں اور جمناسٹک کا عملی مظاہرہ کیا۔ جامعہ کے 32حفاظ نے اس موقع پر ختم القرآن کریم کی سعات حاصل کی۔
مولانا حفظ حمداللہ نے طلبا کو آخری سورتیں پڑھا ئیں اور ان کو مبارکباددی۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ ایک وقت تھا جب برصغیر پاک وہند میں صرف دہلی میں 1000دینی مدارس قائم تھے جہاں پر ایک ساتھ دینی اور عصری تعلیم دی جاتی تھی لیکن بدقسمتی سے جنگ آزادی کے بعد جب انگریزنے اپنا تسلط قائم کیا تو سب سے پہلے دینی مدارس پر وار کیا اور بعدازاں نظام تعلیم کو غلامانہ بنادیا گیا۔
جس کی وجہ سے مسلمان پستی کا شکارہوگئے اور ان کا جذبہ حریت اور آزادی کو ختم کردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اب زمانہ بدل گیا ہے اور ایک بار پھر علمائے کرام نے دینی مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کا آغاز کردیا ہے۔ جس کی روشن مثال جامعہ دارالعلوم سوات ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج بھی سامراج کی کوشش ہے کہ دینی مدارس کو ختم کیا جائے لیکن ان کے یہ ناپاک عزائم کبھی بھی کامیاب نہ ہوسکیں گے۔
مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ علمائے کرام کو چاہیے کہ دینی مدارس سے عالم فاضل اور سائنسدان ایک ساتھ فارغ کریں تاکہ پاکستان کی سیاست، معیشت، تعلیم اور پارلیمان میں ایسے لوگ آکر اس ملک کو حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ بنائے اور کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ آج ہمارا نظام سیاست کرپٹ ہے اور تعلیمی نظام بھی غلامانہ ہے۔جس کی وجہ سے ملک ترقی کی بجائے زوال کا شکار ہے۔
تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں شیلڈزتقسیم کئے جبکہ جامعہ کے عملے کو مہتمم قاری عابداللہ (برطانیہ)کی جانب سے تحائف پیش کئے گے۔
Leave a Reply