کوئٹہ : جماعت اسلامی بلوچستان کے زیر اہتمام مہنگائی، بجلی، گیس کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف جمعہ کو ضلع کوئٹہ کے صدر عبدالنعیم رند کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔
مظاہرین سے ڈاکٹر عطاء الرحمن، حافظ نور علی، جمیل مشوانی، ارشد یوسفزئی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مہنگائی، بجلی،گیس کے بلوں میں اضافہ اور لوڈ شیڈنگ سمیت آئی پی پیز کے ظلم و زیادتیوں کے خلاف طویل دھرنا دیکرعوام میں شعور اجاگر کیا۔
قدرتی وسائل سے مالا مال ملک کو حکمرانوں اور بیورو کریسی نے تباہی کے دہانے پر پہنچ دیا ہے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں کئی گنا اضافہ، کرپشن و کمیشن وصول کرکے ملک کو مقروض اور عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے
اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے پیکا آرڈیننس ایکٹ نافذ کرکے اظہار رائے کی آزادی کا گلادبا کر سچ کی آواز کو خاموش کرنا چاہتے ہیں۔
حکمرانوں اور مقتدرہ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے ادارے دیوالیہ اور تباہ ہو کر رہ گئے ہیں فارم 47 کے مسلط کردہ نمائندے اپنی عیاشیوں میں لگے ہوئے ہیں عوام کی جان و مال کے تحفظ اور انہیں مہنگائی،
بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کی بجائے ان پر مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے جس سے متوسط طبقہ مزید بھوک، افلاس اور غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ آئی پی پیز کے ذریعے لوگوں کو یرغمال بنایا گیا ہے بھاری بھرکم بل بھیج کر صارفین کے جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے
جس کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی جماعت اسلامی ناروا اقدامات کے خلاف آواز بلند کررہی ہے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مظاہرین حکمرانوں، بجلی، گیس، اشیاء خوردنوش سمیت دیگر مطالبات کے حق میں شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔
Leave a Reply