|

وقتِ اشاعت :   19 hours پہلے

اسلام آباد : قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ علاقائی و عالمی امن کیلئے پرعزم رہا ہے،

اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات اس عزم کا واضح ثبوت ہیں۔ان خیالات کا اظہار قائم مقام صدر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے ملکی وغیر ملکی افسران پر مشتمل وفد سے ایوان صدر میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے ملکی وغیر ملکی افسران کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ ان بہادر اور پیشہ ورانہ افسران سے مل کر فخر محسوس کر رہے ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے خاص طور پر برطانیہ، نائیجیریا، بحرین، کینیا، روانڈا، چین، سری لنکا، مالدیپ، بوسنیا، عراق، گیمبیا، زمبابوے، سعودی عرب، عمان، ترکی، اردن، انڈونیشیا، نیپال، یمن اور آسٹریلیا سمیت دوست ممالک کے افسران کا خیر مقدم کیا اور ان کی موجودگی کو بین الاقوامی تعاون کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ صرف ایک تربیتی ادارہ نہیں بلکہ قیادت کی درسگاہ، اسٹریٹجک ذہنوں کا مرکز اور عالمی فوجی یکجہتی کی علامت ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے افسران کی قربانیوں اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں سیکیورٹی چیلنجز مسلسل پیچیدہ ہو رہے ہیں، جن میں ہائبرڈ وارفیئر، سائبر خطرات اور غیر روایتی جنگی حکمت عملی شامل ہیں۔

انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ان چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے جدت، موافقت اور دور اندیشی کو اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں کو جدید بنانے، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرنے اور مسلح افواج کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے تاہم ہماری اصل طاقت ہماری قومی یکجہتی اور عوام کے اعتماد میں مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی افسران کی موجودگی مختلف قوموں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے، ان کے یہاں سیکھے گئے اسباق اور قائم کیے گئے تعلقات مستقبل میں بین الاقوامی فوجی تعاون کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے افسران کو قیادت کے بنیادی اصولوںدیانتداری، ہمت اور خدمتکو برقرار رکھنے کی تلقین کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کامیابیوں سے ہمکنار ہوگی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنے افسران کی خدمات پر فخر کرتا ہے اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *