کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے بیرون ملک روزگار کے مواقع کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہنر مند نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اور آئندہ ہفتے پہلا بیج سعودی عرب روانہ ہوگا۔ ابتدائی طور پر 24 نوجوانوں کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ مزید نامزدگیاں جاری ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس منصوبے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرکاری سطح پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جو بلوچستان سے شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پانچ سال میں 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرون ملک بھیجنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اور رواں سال جون تک 2,375 نوجوانوں کی روانگی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ ویزہ اور پاسپورٹ کے عمل کو سہل اور تیز کرنے کے لیے منسٹری آف فارن افیئرز اور وزارت داخلہ سے فوری رابطہ کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ منتخب امیدواروں کے طبی معائنے کا عمل سرکاری تشخیصی لیبارٹریوں میں مکمل کیا جائے اور انہیں اسلام آباد میں غیر ضروری طویل انتظار سے بچایا جائے۔
اجلاس میں میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ وزیر اعلیٰ نے انتخابی عمل اور اہلیت ٹیسٹ کے مراحل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکام کو واضح طور پر کہا کہ یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تمام مراحل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے مستفید ہو سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کیے جائیں گے، اور اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرکے اسے ایک مثالی پروگرام بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام سے نہ صرف بلوچستان کے نوجوانوں کو معاشی ترقی کے مواقع ملیں گے بلکہ ملک کو قیمتی زر مبادلہ بھی حاصل ہوگا۔
اجلاس میں مشیر محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری لیبر نیاز احمد نیچاری، ڈی جی بی ٹیوٹا طارق جاوید مینگل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں روشن مستقبل فراہم کریں گے۔
Leave a Reply