کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیر زرکون سے جرمن چیمبر ابروڈ (AHK) کے مسٹر فلورین والٹر اوربلوچستان میں جرمنی کے اعزازی قونصل جنرل میر مراد بلوچ نے انکے دفتر میں ملاقات کی،
اس موقع پر جرمن کمپنیوں کو بلوچستان میں مختلف شعبوں میں آپریشنز کے قیام میں سہولیات کی فراہمی، بلوچستان اور جرمنی کے درمیان بین الاقوامی تجارتی اور کاروباری تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا، چیف ایگزیکٹو عبدالکبیر زرکون نے بلوچستان کے مختلف شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومت کی جانب سے دی جانیوالی مراعات و سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی،
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (BBoIT) ریگولیٹری عمل کو ہموار اور ضروری معلومات اور معاون خدمات فراہم کرکے سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہاہے۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کے تجارتی تعلقات بہت شاندار رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی بہت گنجائش موجود ہے، بلوچستان اس سلسلے میں ایک بہترین تجارتی و کاروباری منزل ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ جرمن کمپنیاں یہاں کا رخ کریں اور اپنے کاروبار کو وسعت دیں،
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان اور خطے میں معاشی اور اقتصادی ترقی کا زینہ اور مستقبل کا معاشی حب ہے۔
قدرتی وسائل اورقیمتی معدنیات سے مالامال،خوبصورت ساحل، وسیع و عریض صحرا ء ،بلند و بالا پہاڑوں اور آبشاروں کی یہ سرزمین دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کیلئے بھرپورکشش رکھتی ہے۔