حب: کسی کو ذاتی مفادات کے حصو ل کے لئے عوام دشمنی نہیں کرنے دی جائے گی ۔ عوام کے حقوق کا مکمل تحفظ کریں گے اور شدید مخالفت اور سازشوں کے باوجود حب کو ماڈل ضلع بنا کر ہی دم لیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر برائے زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے حب میں مختلف عمائدین اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند عوام دشمن عناصر نہیں چاہتے کہ ضلع حب ترقی کرے ۔ حب کے لئے ہمارے ترقیاتی منصوبے ان عوام دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہے اور مختلف ہتھکنڈوں اور منفی پروپیگنڈوں کا سہارا لے کر عوام میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جاتی رہتی ہے ۔
ان سازشوں کو پہلے بھی عوام کی طاقت سے ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی ایسے منفی حرکتوں کا بھرپور تدارک اور جواب دیا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ ہم عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان میں آئے ہیں اور ہماری سیاست کا محور برسوں سے ظلم کی چکی میں پسے ہوئے عوام کو ہر ممکن وسائل کی فراہمی اور ان کودرپیش مسائل کا فوری حل ہے صدر آصف علی زرداری کی واضح ہدایات کی روشنی میں ضلع حب اور گردونواح سمیت پورے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اولین ترجیح ہے جس کے لئے پارٹی کے روح رواں صدر آصف علی زرداری کی رہنمائی میں پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے خدمت کا سلسلہ جاری و ساری ہے ۔ عوام ہمارے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اٹھائے گئے اقدامات سے خوش ہیں جس کا ثبوت ضلع بھر میں یکساں فلاحی و ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد ہے اور بہت جلد حب کو ماڈل ضلع بنا دیا جائے گا۔
آج ہر گلی محلے میں پانی کے صاف پینے ، صحت ، نکاسی آب ، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر اور صفائی کی اسکیموں کے ذریعے دیرینہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے ہماری ٹیمیں دن رات کوشاں ہیں ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں بلوچستان میں جدید اصلاحات لائیں گے اورزراعت سے وابستہ افراد کے لئے جدید طریقہ کاشت اور بروقت معلومات کی فراہمی کے لئے کام کر رہے ہیں جس سے زراعت کے شعبے سے وابستہ افراد فائدہ اٹھا سکیں گے اور بھرپور پیداوار حاصل کر کے صوبے اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔
اس موقع پرعمائدین اور شہریوں نے میر علی حسن زہری کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ حب شہر میں جس طرح ترقیاتی کام ہو رہے ہیں عوام اس سے بہت خوش اور مطمئن ہیں ۔اس سے پہلے صفائی ستھرائی ، گلیوں کی مرمت ،سڑکوں کی تعمیر ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اورنکاسی آب سمیت صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کے لئے کبھی کام نہیں ہوا ۔ میر علی حسن زہری نے نہ صرف سرکاری اسکیمات حب کے لئے فراہم کیں بلکہ اپنے خرچ پر بہت سے علاقوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں جو قابل تحسین ہیں۔میر علی حسن زہری نے عمائدین کو یقین دلایا کہ وہ بلا رنگ و نسل ، علاقہ و مذہب حب کے عوام کے مفادات اور ان کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں رہیں گے اور عوام کو اُن کے جائز حقوق اور وسائل کی فراہمی پہلی ترجیح ہو گی۔
Leave a Reply