|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2025

کوئٹہ : جھالاوان عوامی پینل کے رہنما ندیم الرحمان بلوچ نے وڈھ تھانے میں سردار اختر مینگل اور سردار گورگین مینگل کی از خود گرفتاری دینے کے معاملے کو نام نہاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ راء فنڈڈ لشکروں کے ذریعے بلوچستان میں خون کی ہولی کھیلی گئی

وڈھ جھالاوان اور صوبے کی صورتحال خطر ناک ہوچکی ہے 3سرداروں اور نوابوں نے بلوچستان میں اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ جھالاوان عوامی پینل نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کے حصول اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وڈھ بازار میں ان کے ساتھی علی شیر گرگناڑی کو قتل کیا گیا

گرفتاریوں کا ڈرامہ اس واقعے کو چھپانے کے لئے رچایا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ وڈھ جھالاوان اور صوبے کی صورتحال خطرناک ہو چکی ہے دو سے تین سرداروں اور نوابوں نے بلوچستان پر اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں،ایسے سردار حقوق ساحل اور وسائل کے نام پر ریاست کے اندر ریاست بنانے کے خواہش مند ہیں

انہوں نے کہا کہ ایسے نوابوں اور سرداروں نے بلوچ عوام کو پاکستان کے خلاف بھڑکا رکھاہے جبکہ عوام جانتے ہیں کہ کیسے اپنے مفاد کے حصول کیلئے ریاست پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جاتی ہے

ندیم الرحمان بلوچ نے کہا کہ را فنڈڈ لشکروں کے ذریعے بلوچستان میں خون کی ہولی کھیلی گئی جسکی وجہ سے حالات اس نہج تک پہنچے بلوچستان کے عوام پہلے اپنے آپ کو ذہنی غلامی سے آزاد کروائیں،نام نہاد قوم پرست سردار اور نواب چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام ان کے زر خرید غلام رہیں

اس لئے انکے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کیلئے کوئی آواز نہیں اٹھائی جاتی صرف ذاتی اور گروہی مفاد کو ترجیح دی جاتی ہے بلوچستان ظالمانہ سرداری نظام قائم ہے وڈھ تھانے میں گزشتہ کئی روز سے جو گچھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ علی شیر گر گناڑی کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سز ا دی جائے