بولان: کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر بولان میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد فورسز کا آپریشن جاری ہے جس میں اب تک 190 یرغمال مسافروں کو بازیاب کرالیا گیا جب کہ 30 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد خودکش بمبار معصوم لوگوں کو بطورڈھال استعمال کررہے ہیں اس لیے سکیورٹی فورسز یرغمالیوں کے سبب انتہائی احتیاط سے کام لےرہی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ دہشتگردوں نےخودکش بمباروں کو یرغمالی مسافروں کے پاس بٹھایا ہوا ہے اور خودکش بمبار دہشتگرد خود کش جیکٹس پہنے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل بازیاب کرائے گئے 107 مسافروں میں 58 مرد، 31 عورتیں اور 15 بچے بتائے گئے تھے جب کہ 17 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
گزشتہ رات سکیورٹی فورسز کی نگرانی میں مال بردار ٹرین مسافروں کو لے کر مچھ ریلوے اسٹیشن پہنچی جب کہ دیگر بازیاب افراد کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا جارہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں اب تک 27 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد اپنے بیرون ملک ہینڈلرز سے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں ہیں اور فورسز کے آپریشن کے باعث دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے ہیں، فورسز کی اضافی نفری علاقے میں آپریشن میں حصہ لے رہی ہے اور دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
Leave a Reply